اسلام آباد ،( اے یو ایس ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ جب کوئی وزیرِ اعظم جلسے جلسوں پر آ جائے تو اس کا مطلب ہے کہ اس کے آخری دن آگئے ہیں۔اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الزام لگانے والے ان لوگوں پر الزام لگا رہے ہیں جنہوں نے ان کو منتخب کیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ جو آئین کی خلاف ورزی کرے گا کل اس کو آئین کی شق چھ کا سامنا کرنا ہوگا۔انہوں نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کے حوالے سے کہا کہ وہ جانب دار ہیں۔اس موقع پر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی ناکامی کو دیکھ کر مذہب کارڈ استعمال کر رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امر بالمعروف کا یہ مطلب نہیں ہے کہ عوام پر غربت کا سونامی نافذ کر دیا جائے اور ان کے منہ سے روٹی چھین لی جائے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد وزیر اعظم کی نااہلی کے بارے میں ہے جنہوں نے قوم سے جھوٹے وعدے کیے۔
