لندن: حزب اختلاف کی تحریک عدم اعتمادکے ذریعہ عمران خان کی اقتدار سے بے دخلی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حامیوں نے اتوار کے روز سابق و جلا وطن وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) کے رہنما میاں محمد نواز شریف کی لندن رہائش گاہ کے ایوان فیلڈ فلیس کے باہر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔
عمران خان کو وزارت عظمیٰ کی مند سے اتارنے کے خلاف احتجاج میں پی ٹی آئی کے کارکنان پاکستانی پرچم لہراتے اور نعرے بازی کرتے ہوئے نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہو گئے۔اسی دوران پاکستان میں حزب اختلف کی تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا علم ہوتے ہی پی یم ایل این کارکنان بھی نواز شریف سے اظہار یکجہتی کرنے نعرے لگاتے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔جہاں پہلے ہی سے موجود پی ٹی آئی کارکنان سے ان کا ٹکراؤ ہو گیا۔
دونوں پارٹیوں کے حامیوں نے ایک دوسرے کے ساتھ دھکا مکی اور گالی گلوچ شروع کر دی۔پی ایم ایل این بلوچستان کے سابق سکریٹری مواصلات سنتوش کمار بگٹی کے حوالے سے اے این آئی نے بتایا کہ نواز شریف کی رہائش گاہ کے باہر جمع پی ایم ایل این حامیوں نے ”ترائن کا باپ چور ہے، قاسم کا باپ چور ہے، سلمان کا باپ چور ہے ۔ترائن عمران خان کی مبینہ سابقہ محبوبہ سیٹا وائٹ سے ان کی ناجائز بیٹی بتائی جاتی ہے جس کی عمران خان تردید کرتے رہے ہیں۔ دوسری جانب عمران خان حامی نعرے لگا رہے تھے کہ جب تک عمران خان کی وزیر اعظم کے طور پر بحالی نہیں ہوتی وہ کوئی رقم پاکستان منتقل نہیں کریں گے۔
