کٹھمنڈو: نیپال کی سپریم کورٹ نے مقررہ وقت سے پہلے انتخابی تیاریوں میں مصروف وزیر اعظم کے پی شرما اولی کو جھٹکا دیتے ہوئے پارلیمنٹ کی تحلیل شدہ ایوان نمائندگان کی بحالی کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس چولندر شمشیر جے بی آر کی سربراہی میں پانچ رکنی آئینی بنچ نے حکومت کو 275 ممبران پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کو تحلیل کرنے کے حکومتی فیصلے کو روکتے ہوئے آئندہ 13 دن کے اندر اجلاس طلب کرنے کا حکم دیا۔
برسراقتدار پارٹی میں کھینچ تان کے درمیان نیپال اس وقت سیاسی بحران میں گھر گیا تھا ، جب صدر ودیا دیوی بھنڈاری نے وزیر اعظم اولی کی سفارش پر 20 دسمبر کو پارلیمنٹ کے ایوان نمائندگان کو تحلیل کردیا تھا۔ اولی کے ایوان نمائندگان کو تحلیل کرنے کے فیصلے کی پشپ کمل دہل پر چنڈ کی قیادت والے نیپال کمیونسٹ پارٹی کے اپوزیشن دھڑے نے مخالفت کی تھی ۔ پرچنڈ بر سرا اقتدار پارٹی کے شریک چیئرمین بھی ہیں۔
اولی نے ایوان نمائندگان کو تحلیل کرنے کے اپنے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی پارٹی کے کچھ قائدین متوازی حکومت بنانے کی کوشش کر رہے تھے۔ عدالت عظمیٰ میں ، پارلیمنٹ کے ایوان زیریں کی بحالی کے لئے حکمران نیپال کمیونسٹ پارٹی کے چیف وہپ دیو پرساد گرونگ کی درخواست سمیت 13 رٹ درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔