کیف،( اے یو ایس ) یوکرین میں روس کے فوجی آپریشن کا آج 25 واں روز ہے۔ روسی فوج کی جانب سے یوکرین کے عسکری اہداف تباہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔یوکرین کے ذمے داران کے مطابق ماریوپول شہر میں روسی بم باری سے یورپ کی ایک سب سے بڑی اسٹیل مل کو نقصان پہنچا ہے۔ شہر کی کونسل نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ روز ہزاروں فراد نے کوچ کر کے روس کا رخ کیا۔ماریوپول شہر کی کونسل کے مطابق روسی افواج نے ساحلی شہر میں ایک آرٹس اسکول کو بم باری کا نشانہ بنایا۔ اس اسکول میں تقریبا 400 افراد نے پناہ لے رکھی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ تماعرت تباہ ہو چکی ہے اور متعدد لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔روس کے حکام نے بتایا ہے کہ گذشتہ چار روز کے دوران میں تقریبا 11 ہزار یوکرینی پناہ گزین جزیرہ نما قرم پہنچے ہیں۔ ادھر روسی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ ایک دن کے اندر یوکرین کی 62 عسکری تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا۔ مزید یہ کہ فضائی دفاعی نظام نے یوکرین کی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر اور چھ ڈرون طیارے مار گرائے۔روسی فوج کے مطابق یوکرین میں آپریشن شروع ہونے کے بعد سے اب تک یوکرین کی فوج کے 207 ڈرون طیارے اور 1467 فوجی ٹینک تباہ کر دیے گئے ہیں۔
ادھر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کونسل نے ہفتے کے روز بتایا کہ روسی آپریشن کے آغاز کے بعد سے 18 مارچ تک یوکرین میں کم از کم 847 شہری ہلاک اور 1400 زخمی ہو گئے۔کونسل کے مطابق زیادہ تر ہلاکتیں دھماکا خیز مواد کے استعمال کے سبب واقع ہوئیں۔ ان میں توپوں کے بھاری گولے اور میزائل شامل ہیں۔روس کی خبر رساں ایجنسی “ٹاس” نے دفاعی امور کے قومی انتظامی مرکز کے سربراہ میخائل میزنتسیف کے حوالے سے بتایا کہ روس نے یوکرین میں متعدد شہروں میں دس انسانی گزر گاہیں کھول دیں۔ ان شہروں میں کیف ، ماریوپول ، چیرنیگوف ، سومی اور خاکوف شامل ہیں۔