نئی دہلی/ڈھاکہ: بنگلہ دیش اور ہندوستان کے درمیان مسافر بس سروس دو سال بعد گذشتہ دنوں بحال ہوگئی۔ بس کو ڈھاکہ سے کولکاتا روانہ کیا گیا۔ ان دونوں ممالک کے درمیان بس سروس اکھاؤڑا سے اگرتلہ اور بیناپول سے ہریداسپور کے درمیان چلیں گی۔ اس سے قبل 29 مئی کو دونوں ممالک کے درمیان مسافر ٹرین سروس بھی شروع کی گئی تھی۔ اس دن ڈھاکہ-کولکاتاکے درمیان میتری ایکسپریس اور کولکاتہ -کھلنا کے درمیان بندھن ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھائی گئی تھی۔ اسے شروع ہوئے ابھی دو ہفتے بھی نہیں ہوئے تھے کہ دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان بس سروس بحال ہوئی۔ اسی کے ساتھ یکم جون کو ہندوستان کے نیو جلپائی گوڑی اسٹیشن اور ڈھاکہ کے درمیان متالی ایکسپریس کے نام سے ایک نئی دو ہفتہ وار ٹرین کو بھی دونوں ممالک کے ریلوے وزرا نے جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔
ڈھاکہ میں بھارتی ہائی کمیشن نے ایک پریس ریلیز میں کہا ہے کہ بس سروسز کے آغاز سے سیاحت کو فروغ ملے گا اور دونوں ممالک کے درمیان عوام سے لوگوں کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔اب جلد ہی ضروری منظوری ملنے کے بعد ، ہندوستان میں داوکی اور بنگلہ دیش کے تمابل کے درمیان بس سروس بھی شروع ہو جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ کورونا وبا سے پہلے ہندوستان اور بنگلہ دیش کے درمیان نقل و حمل کے پانچ راستے تھے۔ ڈھاکہ-کولکاتا-ڈھاکہ ، ڈھاکہ-اگرتلہ-ڈھاکہ ، اگرتلہ-ڈھاکہ-کولکاتا-اگرتلہ اور ڈھاکہ-کھلنا-کولکاتا-ڈھاکہ۔ یہ راستے دوبارہ فعال ہو جائیں گے۔ ڈھاکہ-سلہٹ-شلونگ-گوہاٹی-ڈھاکہ سڑک بھی مقررہ وقت کے اندر کھول دی جائے گی۔
