نئی دہلی:ہندوستان نے اپنے خلاف جھوٹ و جعلی خبریں پھیلانے پر پاکستان کے 35یو ٹیوب چینلز سمیت کئی سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک کر دیے۔ وزارت اطلاعات و نشریات نے جمعرات کو 35 یوٹیوب چینلز، دو ٹویٹر اکاؤنٹس، دو انسٹاگرام اکاؤنٹس، دو ویب سائٹس اور ایک فیس بک اکاؤنٹ کو غلط معلومات پھیلانے پر بلاک کر دیا۔ محکمہ اطلاعات اور پبلسٹی کے جوائنٹ سکریٹری وکرم سہائے نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔
انہوں نے کہا، ‘ان تمام اکاؤنٹس میں یہ بات عام ہے کہ یہ پاکستان سے آپریٹ کر رہے ہیں اور ہندوستان کے خلاف جعلی خبریں اور دیگر مواد پھیلا رہے ہیں۔وزارت نے محکمہ ٹیلی مواصلات کے توسط سے متعلقہ سوشل میڈیا ثالثوں اور انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں کو اکاؤنٹس بلاک کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق جن اکاؤنٹس کو بلاک کیا گیا ہے ان میں ہندوستانی مسلح افواج، کشمیر، ہندوستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات اور سابق چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت کی موت سے متعلق مواد تھا۔
وکرم سہائے کے مطابق، ‘بلاک کیے گئے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے 12 ملین صارفین کے ساتھ 130 کروڑ خریدار تھے’۔ وزارت کی جانب سے بلاک کیے گئے تمام اکاؤنٹس پاکستان سے چل رہے تھے۔نریندر مودی حکومت کہہ چکی ہے کہ وہ ہندستان کے خلاف فرضی و جھوٹ پروپیگنڈا کرنے کے پیش نظر پاکستان سے چلائے جانے والی ویب سائٹس کو بند کرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔
