نئی دہلی: ہند چین سرحدی کشیدگی کے درمیان موصول رپورٹوں کے مطابق مشرقی لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن (ایل اے سی) پر چین کی پیپلز لبریشن آرمی(پی ایل اے) کی جارحانہ حرکتوں اور نقل و حرکت کا سامنا کرنے کے لیے ہندوستانی مسلح افواج نے ہر موسم میں کام کرنے والے طویل فاصلہ تک مار کرنے اور روایتی و ایٹمی اسلحہ لے جانے کی صلاحیت کے حامل سب سونک کروز میزائل ’نربھے‘ ، سوپر سونک کروز میزائل نظام ’برہموس‘اور زمین سے فضا میں کم دوری تک مار کرنے والے میزائل ’آکاش‘ نصب کر دیے ہیں۔
چین کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کے لیے ہندوستانی فوج نے مناسب تعداد میں ٹ90-اورٹی 72-توپیں،آرٹیلری گنز اور پیدل فوج کی آمد و رفت میں استعمال ہونے والے جنگی گاڑیاں بھی ہر طرف لگا دی ہیں۔ہندستانی فضائیہ (آئی اے ایف) نے نقل و حمل کا اپنا تقریباً پورابیڑا جس میں سی130-سوپر ہر کولس، سی17-گوب ماسٹر، چینوک اور ایم آئی 17-ہیلی کاپٹرز شامل ہیں ،تعینات کر دیا۔
علاوہ ازیں ہندوستانی فضائیہ نے سخوئی ایس یو 30-ایم کے آئی، میراج2000اور مگوں پر مشتمل اپنا جنگی طیارہ بیڑا بھی تعینات کر دیا ہے۔چین کو اپنی موجودگی کے اشارے اور انتباہ دینے کے لیے ہندوستانی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے ایل اے سی سے متصل علاقوں میں پروازیں کرنا شروع کر دی ہیں۔
