نئی دہلی: ہندوستان اپنے ایک ہمدرد و غمگسار ہمسایہ کا کردار ادا کرتے ہوئے شورش زدہ سری لنکا کو مسلسل مدد فراہم کر رہا ہے۔ اس نے گذشتہ دنوں سری لنکا کو بدترین معاشی بحران سے نمٹنے میں مدد کے لیے جاری کوششوں کے ایک حصے کے طور پر 7 لاکھ امریکی ڈالر سے زیادہ کی 25 ٹن طبی سامان فراہم کیاہے۔ اس سے قبل ہندوستان کی طرف سے 40-40 میٹرک ٹن ڈیزل اور پٹرول کی مدد دی جا چکی ہے۔
اس کے علاوہ گزشتہ ہفتے ہندوستان نے سری لنکا کو 9000 میٹرک ٹن چاول، 200 میٹرک ٹن دودھ کا پاو¿ڈر اور 24 میٹرک ٹن جان بچانے والی ادویات کے ساتھ 45 کروڑ روپے کا امدادی سامان بھیجا تھا۔ ہفتہ کو حکومت ہند کی طرف سے 15 ہزار لیٹر مٹی کا تیل سری لنکا بھیجا گیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ مٹی کے تیل کے ذریعے تامل اکثریتی شہر جافنا میں رہنے والے تقریبا 700 ماہی گیروں کی مدد کی جائے گی۔ اس سے قبل ہندوستان سے 40 ہزار میٹرک ٹن پٹرول سری لنکا بھیجا گیا تھا۔ واضح ہو کہ سری لنکا حالیہ دنوں میں زرمبادلہ کے ذخائر میں تیزی سے کمی کے بعد درآمدات کی ادائیگی کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔
اس کے پیش نظر، ہندوستان نے گزشتہ ماہ سری لنکا کو ایندھن کی درآمد میں مدد کے لیے 500 ملین ڈالر کی اضافی لائن آف کریڈٹ کی توسیع کی تھی۔ سری لنکا کے وزیر اعظم رانیل وکرما سنگھے نے ان مشکل دنوں میں ہندوستان کی مدد کی تعریف کی ہے۔ وکرما سنگھے نے ٹویٹ کیا کہ جمعہ کو انہوں نے ہندوستان کی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن سے بات کی تھی ۔ سری لنکا کے وزیر اعظم نے کہا کہ میں اس مشکل دور میں ہندوستان کی طرف سے کیے گئے تعاون کی تعریف کرتا ہوں۔ میں ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا منتظر ہوں۔
