کولمبو:: ہندوستانی ہائی کمیشن واقع سری لنکا نے بدھ کے روز ان قیاس آرائیوں کو یکسر مسترد کر دیا کہ ہندوستان سری لنکا میں اپنی فوج بھیجے گا۔ ساتھ ہی ہائی کمیشن نے کہا کہ ہندوستان جزیرہ نما ملک میں جمہوریت، استحکام اور اقتصادی اصلاحات کی مکمل حمایت کرتا ہے۔ سری لنکا کو 1948 میں برطانیہ سے آزادی کے بعد بدترین معاشی بحران کا سامنا ہے۔
ملک میں زرمبادلہ کی شدید قلت ہے جس کی وجہ سے اشیائے ضروریہ اوریندھن کی درآمد کے اخراجات ادا کرنے سے قاصر ہے۔ اس کی وجہ سے ملک میں بڑے پیمانے پر حکومت مخالف مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔
ہندوستانی مشن نے ٹویٹ کیا کہ ہائی کمیشن میڈیا اور سوشل میڈیا فورمز میں ہندوستان کی جانب سے سری لنکا میں اپنی فوج بھیجنے سے متعلق خبروں کی تردید کرتا ہے۔ یہ رپورٹس اور اس طرح کے خیالات حکومت ہند کے موقف سے مطابقت نہیں رکھتے۔اقتصادی بحالی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔واضح ہو کہ یہ خبریں اور قیاس آرائیاں گردش کر رہی تھیں کہ سری لنکا میں شہریوں کے زبردست غم و غصہ اور احتجاجی مظاہروں کے درمیان ہندوستان اس ملک میں اپنی فوج بھیج رہا ہے۔
