India elected non-permanent member of UN Security Councilتصویر سوشل میڈیا

نیو یارک: بدھ کے روز اقوام متحدہ کی193رکنی جنرل اسمبلی میں184ووٹ حاصل کر کےہندوستان بین الاقوامی ادارے کے بااختیار سلامتی کونسل کا دو سال کے لیے غیر مستقل رکن منتخب ہو گیا۔ ہندوستان کے علاوہ آئر لینڈ، میکسیکو اور ناروے بھی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن منتخب ہو گئے۔

ووٹنگ کے لیے 192رکن ممالک کے نمائندے موجود تھے اور دو تہائی اکثریت کے لیے128ووٹوں کی ضرورت تھی اور ہندوستان نے 184ووٹ حاصل کیے۔ کناڈا الیکشن ہار گیا۔اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل رکن نے ٹوئیٹ کے توسط سے بتایا ” رکن ممالک نے ہندوستان کو2021-22کے لیے بھاری اکثریت سے سلامتی کونسل کا غیر مستقل رکن منتخب کر لیا۔

ہندوستان نے192میں سے184ووٹ پائے۔“ہندوستان اب یکم جنوری 2021سےسلامتی کونسل میں پانچ مستقل اراکین چین، فرانس، روس، یوکے اور امریکہ کے ساتھ دو سال تک غیر مستقل رکن کے طور پر موجود رہے گا۔ دیگر غیر مستقل رکن ممالک ایسٹونیا، نائجر، سینٹ ونسنٹ و گرینا ڈائنز ،تیونس اور ویتنام ہیں۔بلجیم، ڈومینک جمہوریہ، جرمنی ،انڈونیشیا اور جنوبی افریقہ کی میعاد اس سال ختم ہو رہی ہے۔

سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہونے کے لیے امیدوار ملک کو اسمبلی میں ووٹنگ کے وقت موجود رکن ممالک میں دو تہائی ووٹ لینا لازمی ہیں۔ہندوستان 2021-22کے لیے ایشیا بحرالکاہل زمرے سے غیر مستقل رکن نشست کے لیے امیدوار تھا۔اس گروپ سے چونکہ واحد سیٹ کے لیے صرف وہی ایک امیدوار تھا اس لیے اس کا انتخاب پہلے سے ہی طے تھا بس دیکھنا یہ تھا کہ اسے کتنے ووٹ ملتے ہیں ۔

ہندوستان سلامتی کونسل کا 8ویں بار غیر مستقل رکن منتخب ہوا ہے ۔اس سے قبل وہ 1950-51،1967-68، 1972-73، 1977-78، 1984-85، 1991-92اور ماضی قریب میں2011-12میں منتخب ہوا تھا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *