نئی دہلی:کوویڈ کے بڑھتے معاملات کے پیش نظر ہندوستان نے بین الاقوامی پروازوں کی آمد و رفت پر عائد پابندی میںمزید توسیع کردی ۔ سرکاری ذرائع سے موصول اطلا ع کے مطابق شہری ہوا بازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل (ڈی جی سی اے) نے بین الاقوامی کمرشیل مسافر پروازوں پر پابندی میں 28 فروری 2022کی آدھی رات تک توسیع کردی ہے۔
ڈی جی سی اے نے بدھ کے روز یہاں جاری ایک سرکلر میں کہا کہ 26 نومبر 2021 کے سرکلر میں ترمیم کرتے ہوئے ہندوستان کے ہوائی اڈوں سے جانے اور وہاں آنے والی بین الاقوامی کمرشیل مسافر پروازوں پر پابندی میں 28 فروری کی نصف شب تک توسیع کردی گئی ہے۔سرکلر کے مطابق اس پابندی کا اطلاق بین الاقوامی مال بردار پروازوں پر نہیں ہوگا۔ سرکلر میں یہ بھی واضح طور پر کہا گیا ہے کہ ایئر ببل انتظامات کے تحت ہونے والی پروازوں پر یہ پابندی عائد نہیں ہوگی۔
ایر ببل معاہدہ سری لنکا، افغانستان، بحرین ، کناڈا، فرانس، جرمنی، عراق، جاپان، ما؛لدیپ، نائجیریا، قطر، متحدہ عرب امارات، یو کے، یو ایس اے، بنگلہ دیش، بھوٹان، ایتھوپیا ، کینیا، کویت،سنگا پور، نیپال،ہالینڈ، عمان، روس، رواندا، سیشلز، تنزانیہ، یوکرین اور ازبکستان اور سعودی عرب سمیت28ممالک کے ساتھ ہے۔واضح ہو کہ کوویڈ19-وبا کی پہلی لہر سے نمٹنے کے لیے مارچ2020میں ملک گیر پیانے پر لاک ڈاو¿ن کے نفاذ کے بعد بین الاقوامی پروازیں پہلی بار معطل کی گئی تھیں۔
