نئی دہلی: ہندوستان نے نیپال حکومت کو 200 گاڑیاں تحفے میں دی ہیں تاکہ مختلف نیپالی اداروں کو 20 نومبر کو ہونے والے عام انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جا سکے۔ ہندوستانی سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق نیپال میں وفاقی پارلیمنٹ کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات 20 نومبر کو ہونے ہیں ۔ سرکاری طور پر جاری بیان کے مطابق وزارت خزانہ میں منعقدہ ایک تقریب میں نیپال میں ہندوستان کے سفیر نوین سریواستو نے انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے مختلف نیپالی اداروں کو لاجسٹک سپورٹ کے لئے حکومت ہند کے طرف سے تحفے کے طور پر نیپال کے وزیر خزانہ جناردن شرما کو 200 گاڑیاں سونپی۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ 200 گاڑیوں میں سے 120 سکیورٹی فورسز کے لیے ہیں جبکہ 80 گاڑیاں نیپال الیکشن کمیشن کے لیے ہیں۔ ملک بھر میں نیپال کے مختلف اداروں کی لاجسٹکس گاڑیوں کے انتخابات کے انعقاد کے نظام کو مزید بہتر بنانے میں کارآمد ثابت ہوں گی۔سفیر نے گاڑیوں کی چابیاں وزیر کے حوالے کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ یہ گاڑیاں نیپال کی حکومت کے انتخابی پروگراموں کو ترتیب دینے میں معاون ثابت ہوں گی۔ انہوں نے نیپال میں انتخابات کے موثر اور کامیاب انعقاد کی بھی خواہش کی۔
وزیر خزانہ نے نیپال کے ساتھ ترقیاتی شراکت داری کی شکل میں ان گاڑیوں کو تحفے میں دینے سمیت حکومت ہند اور ہندوستانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔ نیپال کے لیے، 20 نومبر کے انتخابات جمہوری عمل کو مضبوط بنانے اور ہمالیائی ملک میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے اہم ہوں گے۔ہندوستان نے ہمالیائی قوم کی حکومت کی درخواست پر گزشتہ انتخابات کے دوران نیپال کو گاڑیاں بھی فراہم کی تھیں۔ ریلیز کے مطابق، انتخابات میں تعاون کے لیے نیپال کے مختلف اداروں کو 2400 سے زائد گاڑیاں تحفے میں دی گئی ہیں، جن میں نیپال پولیس اور مسلح پولیس فورسز کو تقریباً 2000 گاڑیاں اور نیپال آرمی اور الیکشن کمیشن کو 400 کے قریب گاڑیاں شامل ہیں۔