کابل: طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے طبی و صحت عامہ کے حوالے سے افغانستان کی مسلسل بگڑتی صورت حال کو سنبھالنے میں مدد کے طور پر ہندوستان ایک مسیحا بن کر سامنے آیا اور اس نے امداد کے طور پر کابل کے چلڈرن اسپتال کے لیے ہنگامی حالات میں جان بچانے والی 1.6 میٹرک ٹن ادویات کی پہلی کھیپ افغانستان بھیج دی جو ہفتہ کے روز کابل پہنچ گئی۔
ہندوستان میں افغانستان کے سفیر فرید ماموندجے نے ٹویٹر پر کہا کہ یہ امداد اس مشکل وقت میں بہت سے افغان خاندانوں کی مدد کرے گی ۔ وزارت خارجہ نے گزشتہ روز کہا تھا کہ افغانستان میں ناگفتہ بہ انسانی صورتحال کے پیش نظر حکومت ہند نے اسی طیارے سے ادویات و طبی آلات کی ایک کھیپ بھیجی جو10 ہندوستانیوں اور94 افغانوں کو ہندوستان چھوڑ کر کابل واپس جا رہا تھا۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ جمعہ کو ہندوستان کی طرف سے کئے گئے انخلا کے مشن کے ایک حصے کے طور پر آپریشن دی شکتی کے تحت افغانستان سے ہندو۔
سکھ اقلیتی برادری کے ممبران سمیت 10 اور 94 افغانوں کو قومی دارالحکومت لایا گیا۔ وزارت خارجہ نے کہا، آپریشن دیوی شکتی کے تحت افغانستان سے اب تک کل 669 افراد کو نکالا جا چکا ہے۔ اس میں افغان ہندو/سکھ اقلیتی برادری کے سینکڑوں ارکان شامل ہیں۔ اگست 2021 کے مہینے میں، 438 ہندوستانیوں سمیت 565 افراد کو افغانستان سے نکالا گیا۔