اقوام متحدہ: ہندستان نے پاکستان پر الزام عائد کیا کہ وہ اقوام متحدہ کی منظور کردہ قرار داد کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔
عالمی تنظیم کی جنرل اسمبلی کے75ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرسٹ سکریٹری اشیش شرما نے کہا کہ پاکستان اس اسمبلی میں گذشتہ سال منظور کی گئی ثقافت امن قرار داد کی پہلے ہی خلاف ورزی کر چکا ہے اور اب اس نے سکھوں کے مقدس کرتار پور صاحب گوردوارے کے انتظام و انصرام کی ذمہ داری سکھوں کی انتظامیہ سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سے لے کر غیر سکھ تنظیم کو سونپ دی ہے۔
واضح ہو کہ پاکستان نے اس سال نومبر کے اوائل میں یکطرفہ فیصلہ کرتے ہوئے گوردوارہ کرتار پور صاحب کا کنٹرول اقلیتی سکھ برادری کی نمائندہ تنظیم پاکستان سکھ گوروارہ پربندھک کمیٹی سے چھین کر ایک غیر سکھ ادارے املاک متروکہ ٹرسٹ بورڈ کو دے دیا ہے۔جس پر ہندوستان نے پاکستانی ہائی کمیشن واقع ہندوستان کے ناظم الامو ر کو طلب کر کے کرتار پور صاحب گوردوارے کا انتظام و انصرام کی منتقلی کے پاکستان کے یکطرفہ فیصلہ کے خلاف سخت احتجاج درج کرایا تھا۔
وزارت برائے امور خارجہ کے ترجمان انوراگ سریواستو نے ایک پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پاکستان سے کہا گیا ہے کہ اس کا یہ فیصلہ نہایت درجہ قابل مذمت ہے اور کرتار پور صاحب راہداری نیز سکھ برادری کے مذہبی جذبات کی روح کے خلاف ہے۔
پاکستان کو لتاڑتے ہوئے شرما نے مزید کہا کہ اگر پاکستان ہندوستان میں مذاہب کے خلاف منافرت پھیلانے کا موجودہ رویہ تبدیل کر دے اور ہمارے عوام کے خلاف سرحد پار سے دہشت گردی کی حمایت کرنا ترک کر دے تو ہم جنوب ایشیا اور اس سے آگے تک حقیقی ثقافت امن کی کوشش کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم پھر پاکستان میں دھمکیوں، ظلم و ستم ،تبدیلی مذہب اور جان سے مار ڈالنے جیسے واقعات سے وہاں سے اقلیتوں کو ملک سے بھگانے کے خاموش گواہ بنے رہیں گے ۔حتیٰ کہ اب تو خود پاکستان میں مسلکی دہشت گردی اور ہلاکتوں کے باعث ایک ہی مذہب کے لوگوں کو نہیں بخشا جا رہا ۔