ممبئی: تین ٹی ٹونٹی میچوں کی سریز کے تیسرے اور فیصلہ کن میچ میں ،جو ممبئی کے وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو 67رنز سے شکست دے کر سریز 2-1سے جیت لی۔241ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز پاور پلے کے چوتھے اوور میں ہی منزل سے ایسی بھٹکی کہ شمرون ہٹ مائر کی 41رنز کی جارحانہ اننگز اور کپتان کائرون پولارڈ کی شاندار ہاف سنچری بھی ٹیم کو جیت کی پٹری پر واپس نہ لاسکی۔

ابھی ویسٹ انڈیز نے 17رنز ہی بنائے تھے کہ اس کے تین چوٹی کے بلے باز پویلین لوٹ گئے۔برینڈن کنگ کو بھونیشور کمار نے کے ایل راہل کے ہاتھوں ڈیپ کور میں اس وقت کیچ آؤٹ کرایا جب ان کی دھیمی رفتار سے آنے والی گیند پر کنگ نے کور باؤنڈری کی جانب چھکا لگانے کے لیے لمبی ہٹ لگائی۔اس و قت ٹیم کا اسکور صرف12رنز تھا۔ 17مجموعے پر محمد شامی نے بھی دھیمی رفتار سے ایک گیند کی جس۔سمنز چکمہ کھا گئے اورگیند کھیلنے پر مجبور ہو گئے لیکن گیند ان کے بلے سے ٹکرا کر انہی کے سر پر ہوا میں تن گئی اور پوائنٹ پر تعینات سریش ایر نے کیچ لپکنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔اسی اسکور پر وکٹ کیپر نکولس پورن کوئی رن بنائے بغیر دیپ چاہر کا شکار ہو گئے۔

اگرچہ ہٹ مائر نے پولارڈ کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالنے اور منزل کی جانب پیش رفت کرنے کی بھرپور کوشش کی لیکن لیگ اسپنر کلدیپ یادو کی ایک فل ٹاس گیند کو پوری طاقت سے مارنے کی کو شش کی لیکن گیند کو پوری طرح بلے پر نہ لے سکے اور لانگ آن پر راہل نے انہیں لپک لیا۔انہوں نے 24گیندوں کو سامنا کیا اور ایک چوکے اور پانچ چھکوں کی مدد سے41رنز بنائے۔103اسکور پر جیسن ہولڈر بھی پولارڈ کو محض8رنز بنا کر داغ مفارقت دے گئے۔لیکن پولارڈ نے اپنی کوشش جاری رکھی مگر تابکے۔ 141اسکور پر وہ بھی 68رنز بنا کر حوصلہ ہار بیٹھے ۔

کیونکہ ابھی مزید 100رنز درکار تھے اور محض30گیندیں باقی تھیں ۔انہوں نے39گیندیں کھیلیں اور پانچ چوکے اور چھ چھکے لگائے۔اور ویسٹ انڈیز مقررہ20اووروں میں8وکٹ پر صرف173رنز ہی بنا سکی۔ہندوستان کی طرف سے بھونیشور، چاہر، محمد شامی اور کلدیپ نے دو دو وکٹ لیے۔پچ اس قدر بلے باز نواز تھی کہ دونوں ٹیموں کے ریگولر بولروں میں ٹیم انڈیا کے دیپک چاہر ہی ایسے واحد بولر تھے جنہوں نے ا پنے کسی اوور میں کوئی چھکا نہیں لگنے دیا جبکہ باقی بولروں نے ہر اوور میں چھکے لگوائے۔مجموعی طور پر دیکھاجائے تو دونوں ٹیموں کے بلے باز تباہی مچانے کی نیت سے میدان میں اترے لیکن ٹیم انڈیا کے بولروں نے ویسٹ انڈیز کے بولروں کی ان گیندوں کی ویڈیو جن پر رن نہیں بن سکے تھے بار بار دیکھی اور اسی کافائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی حکمت عملی وضع کی اورویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کو تباہی مچانے سے باز رکھا ۔جبکہ ہندوستانی بلے بازوں روہت شرما، راہل اور کپتان وراٹ کوہلی ن ویسٹ انڈیز کے بولروں طوفان بلا خیز بن کر ٹوٹ پڑے اور ایسی خبر لی کہابھی نصف اوور بھی نہیں ہوئے تھے کہ ٹیم انڈیا کا اسکور100سے پار ہو چکا تھا۔

اصل تباہی روہت شرما نے مچائی اور صرف34گیندوں پر چھ چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے71رنز بنانے کے ساتھ ساتھ راہل کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے135رنز بنائے۔ولیمز کی گیند پربر وقت بیک فٹ نہ جا سکے اور اور گیند ان کے بلے سے ٹکرا کر ہوا میں ہی ڈیپ مڈ وکٹ کی جانب چلی جہاں ہیڈن والش نے ایک آسان کیچ لپک لیا۔ان کے آؤٹ ہونے کے بعد اگلے ہی اوور میں رشبھ پنت بھی کوئی رن بنائے بغیر آؤٹ ہو گئے۔ انہیں پولارڈ نے ہولڈر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔لیکن راہل نے کوہلی کے ساتھ مل کر تباہ کن بلے باز ی جاری رکھی اور صرف44گیندوں پر 95رنز کی پارٹنر شپ کر کے اسکور233تک پہنچا دیا۔لیکن بد قسمتی سے راہل عین اس وقت آؤٹ ہو گئے جب وک سنچری سے صرف 9رنز دور تھے۔

انہوں نے 56گیندوں پر 9چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے91رنز بنائے۔کوہلی29گیندوں پر 4چوکوں اور 7چھکوں کی مدد سے70رنز بنا کر غیر مفتوح رہے۔ کوہلی کو مین آف دی سریز اور راہل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *