اقوام متحدہ: ہندوستان دہشت گردی کے خلاف 29 اکتوبر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 ممالک کے سفارت کاروں کے ایک خصوصی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر ہندوستان کی دو سالہ مدت اس سال دسمبر میں ختم ہونے والی ہے۔ دسمبر میں ملک اقوام متحدہ کے اس طاقتور ادارے کی صدارت بھی کرے گا۔ ہندوستان 2022 کے لئے سلامتی کونسل کی انسداد دہشت گردی کمیٹی کی صدارت کرے گا اور دہشت گردی کے خلاف اکتوبر میں امریکہ، چین اور روس سمیت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 ممالک کے سفارت کاروں کے خصوصی اجلاس کی میزبانی کرے گا۔
سلامتی کونسل کے موجودہ ارکان میں البانیہ، برازیل، گبون، گھانا، ہندوستان ، آئرلینڈ، کینیا، میکسیکو، ناروے اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کے علاوہ پانچ مستقل ارکان چین، فرانس، روس، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔ کمیٹی کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق، نئی اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے غلط استعمال سے لاحق خطرے کو مدنظر رکھتے ہوئے، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی انسداد دہشت گردی کمیٹی (سی ٹی سی)نے 29 اکتوبر 2022 کو بھارت میں اس موضوع پر ڈائریکٹوریٹ ( سی ٹی ای ڈی ) کے تعاون سے ایک خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق، خصوصی اجلاس میں تین اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی ، جہاں ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز تیزی سے ترقی کر رہی ہیں۔ رکن ممالک کی طرف سے بڑھتے ہوئے استعمال ( سیکورٹی اور انسداد دہشت گردی کے مقاصد سمیت) اور دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے اس کے استعمال کے بڑھتے ہوئے خطرے، یعنی انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا، دہشت گردی کی مالی معاونت، اور بغیر پائلٹ کے فضائی نظام میں اس کے استعمال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
