تہران: ہندوستانی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر نے ایران کے صدر منتخب ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی اور انہیں وزیر اعظم نریندر مودی کا تحریری پیغام تہنیت پیش کیا۔ جے شنکر ایران کے صدر منتخب کو تحریری پیغام مبارکباد پیش کرنے کے لیے ہی ایران کے سفر پر گئے ہیں۔ اپنے اس دورے کے دوران جے شنکر نے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے بھی ملاقات کی اور کئی امور پر ان سے تبادلہ خیال کیا۔ ان دونوں وزراءخارجہ نے ملاقات کے دوران باہمی مفادات کے کئی امور پر اظہار خیال کیا اور ایک دوسرے کی رائے اور نظریہ کا تبادلہ کیا۔
علاوہ ازیں تازہ ترین علاقائی حالات ،خاص طور پر افغانستان کی صورت حال،ویان انیوکلیائی مذاکرات پر نظریہ ،شاہراہوں اور نقل و حمل میں دو طرفہ تعاون اور ایران کے چاہ بہار میں ہندوستان کی بنیادی ڈھانچہ سرگرمیوں سمیت باہمی مفادات کے متعدد معاملات زیر غور رہے۔ نیز دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے تمام افغان فریقین کے درمیان ایک ہمہ جہتی سیاسی حل کے حصول کیلئے افغان انٹرا ڈائیلاگ کی تقویت پر زور دیا۔جے شنکر نے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان تہران میں میں کیے گئے مذاکرات پر تبصرہ کرتے ہوئے اس بحران کے سیاسی حل نکالنے پر ایران کی کوششوں کو سراہا اور اظہار تشکر کیا۔
ہندوستانی وزیر خار جہ کی صدر منتخب سے ملاقات سے پہلے ایرانی وزیر خارجہ کے معاون اور محکمہ خارجہ کے سربراہ برائے امور مغربی ایشیا سید رسول موسوی نے ٹوئٹر کے توسط سے کہا تھا کہ اس مختصر ملاقات میں ہندوستانی وزیر خارجہ کی ایک بہت اہم ملاقات بھی ہوگی۔جو نو منتخب صدر علامہ رئیسی کے دور صدارت میں ایران اور ہندوستان کے درمیان نہایت خوشگوار اور مستحکم تعلقات کی بنیاد بنے گی۔