نئی دہلی: وزارت خارجہ نے کہاہے کہ ہندوستانی حکومت افغان عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ایک ورچوئل ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے کہا کہ ہندوستان افغان عوام کو انسانی امداد بشمول غذا، کوویڈ ویکسین اور زندگی بچانے کے لئے ضروری ادویات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ چند ہفتوں میں افغانستان کو 3.6 ٹن طبی امداد اور 5,00,000 خوراکیں کوویڈ ویکسین فراہم کی گئی ہیں۔گندم کی خریداری کے عمل اور اس کی نقل و حمل کے انتظامات کے بارے میں، باغچی نے کہا، گندم کی خریداری اور اس کی نقل و حمل کے انتظامات کا عمل ابھی جاری ہے۔ قدرتی طور پر، اس میں کچھ وقت لگتا ہے۔ جیسے ہی ہمارے پاس اپ ڈیٹس ہوں گے ہم ان کا اشتراک کریں گے۔ ہمیں امید ہے کہ ہم اسے جلد ہی کر سکتے ہیں۔
واضح ہو کہ 15 اگست سے جب سے کہ طالبان نے کابل پر قبضہ کیا ہے، ملک ایک گہرے معاشی، انسانی اور سلامتی کے بحران سے گذررہا ہے۔ غیر ملکی امداد کی معطلی، افغان حکومت کے اثاثوں کی ضبطی، اور طالبان پر بین الاقوامی پابندیوں نے جنگ زدہ ملک کو پہلے ہی اعلی غربت کی سطح سے دوچار کر کے ایک مکمل معاشی بحران میں ڈال دیا ہے۔
