نئی دہلی: کورونا وائرس کے خطرے کے مدنظر 29مارچ سے شروع ہونے والی انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ،جس میں ملکی و غیر ملکی ستاروں کا جھرمٹ اور جوہردیکھنے کو ملتا ہے،15اپریل تک موقوف کر دی گئی۔ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ(بی سی سی آئی) سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ بی سی سی آئی نے کورونا وائرس کی صورت حال کے مدنظر احتیاطی تدابیر کے طور پر آئی پی ایل2020کو15اپریل تک ٹال دیا ہے۔دو ماہ تک چلنے والی آئی پی ایل سے ہندوستانی اقتصادیات کے لیے 11بلین ڈالر سے زائد آمدنی کا تخمینہ لگایا گیا تھا۔بتایا جاتا ہے کہ چونکہ حکومت ہند نے 15اپریل تک او سی آئی کارڈ ہولڈر سمیت تمام غیر ملکیوں کو ویزا جاری نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس لیے ٹیم فرنچائزیوں نے مشورہ دیا تھا کہ کورونا وائرس کے پھیلاو¿ اور عالمی صحت تنظیم (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے اسے عالم گیر وبا قرار دیے جانے کے باعث ٹورنامنٹ کو کچھ ہفتوں کے لیے موخر کر دیا جائے۔کیونکہ ویزا جاری نہ ہونے کی صورت میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی آئی پی ایل میں کھیلنا ممکن نہیں ہو سکے گا۔رپورٹ کے مطابق اس سے قبل فرنچائزیوں نے کہا تھا کہ وہ خالی اسٹیڈیموں میں کھیلنے کے لیے تیار ہیں لیکن غیر ملکی کھلاڑیوں کے بغیر نہیں۔جس کے باعث بی سی سی آئی کو لیگ ہی15اپریل تک موقوف کر نے کا فیصلہ کرنا پڑا۔بورڈ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ بی سی سی آئی آئی پی ایل کے تمام شراکت داروں کے لیے فکر مند ہے ۔ اسے وسیع النظری سے دیکھا جائے تو اس امر کو یقینی بنانے کے تمام اقدامات کیے جارہے ہیں کہ آئی پی ایل سے وابستہ تمام فریقوں کو محفوظ ماحول ملے اور ان کے مافادات کا یکساں تحفظ ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *