Indian Sikh jatha stuck due to unrest in Pak following arrest of Amir e Tehrik Labbaikتصویر سوشل میڈیا

امرتسر : حسن ابدال پاکستان میں گوردوارہ پنجہ صاحب کی زیارت کے لیے جانے والے ہندوستانی سکھ جتھے کو پاکستان میں تحریک لبیک کے امیر مولانا سعد حسن رضوی کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر پیمانے پر کیے جانے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران ر استوں کی ناکہ بندی کے باعث پھنس جانے کے بعد پاکستان میں واگہہ سرحد واپس بھیج دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ہندوستانی سکھ جتھہ تقریباً21بسوں میں حسن ابدال روانہ ہوا تھا۔ لیکن وہ جیسے ہی لاہور کے قریب پہنچا وہاں احتجاج میں مظاہرے شروع ہو گئے ۔مولانا سعد کے پیرو کاروں اور حامیوں نے راستے بند کر کے پاکستانی حکومت کے خلاف مظاہرے شروع کر دیے ۔ جگہ جگہ آتشزنی کی وارداتیں اور توڑ پھوڑ نے پاکستان سیکورٹی عہدیداروں نے حفظ ما تقدم کے طور پر ہندوستانی سکھ زائرین کو واپس واگہہ بارڈر بھیج دیا۔

لاہور مقیم ایک سماجی کارکن بابر جالندھری نے ہندوستانی روزنامہ ٹائمز آف انڈیا کو بتایا کہ ہندوستانی سکھ زائرین کو واگہہ ریلوے اسٹیشن واپس لے آیا گیا ہے اور انہیں بذریعہ ٹرین حسن ابدال لے جائے جانے کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔خالصہ سجنا دوس (بیساکھی) کا تہوار منانے کے لیے 800سے زائد ہندوستانی سکھ زائرین اٹاری کے راستے گوردوارہ پنجہ صاحب ،حسن ابدال پہنچ چکے ہیں۔

واضح ہو کہ تحریک لبیک کے کارکنوں، ہمدردان اور متفقین کے دھرنے اور احتجاج کے سبب کراچی، لاہور، اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت مختلف شہروں میں سڑکوں اور اہم شاہراہوں پر اب تک کے بدترین ٹریفک جام کی وجہ سے مقامی افراد کو ہی نہیں ایک شہر سے دوسرے شہر جانے والے لوگوں کو بھی شدید پریشانیاں جھیلنا پڑ رہی ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *