نئی دہلی: محض3روز قبل ہندوستان میں کورونا وائرس سے متاثرین کی جو تعداد9لاکھ تھی وہ کورونا وائرس کے یومیہ 30تا 35ہزار کیسز ہونے کے باعث جمعہ کی صبح تک دس لاکھ سے تجاوز کر گئی۔مرکزی وزارت صحت کے مطابق گذشتہ24گھنٹے کے دوران 34ہزار956افراد کورونا وائرس سے متاثر درج کیے گئے جو کہ ایک روز میں کورونا وائرس سے متاثرین کی اب تک کی ریکارڈ تعداد ہے۔
جمعہ کی صبح 8بجے تک کی رپورٹ کے مطابق ملک میں کورونا وائرس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 10لاکھ3ہزار 832ہے جبکہ اموات کی تعداد بڑھ کر 25ہزار 602ہو گئی۔ گذشتہ 24گھنٹے کے دوران جتنی تیزی سے اس وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا اتنی ہی تیزی کے ساتھ صحتیاب ہونے کی بھی خبریں ہیں ۔
گذشتہ 24گھنٹے کے دوران 22ہزار 942افراد رو بصحت ہوئے جو کہ ایک روز میں شفایاب ہونے والے مریضوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔اس کے ساتھ ہی اب تک صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6لاکھ35ہزار 756ہو گئی ہے۔
جبکہ فی الحال 3لاکھ42ہزار473کوویڈ19-کے مصدقہ کیسز ہیں۔ایک سرکاری رپورٹ کے مطابق ہندوستان میں اب تک مجموعی طور پر 63.33فیصد مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔مصدقہ کیسز کی مجموعی تعداد میں غیر ملکی بھی شامل ہیں۔ یہ لگاتار چھٹا روز ہے کہ یومیہ 28ہزار سے زیادہ کیسز سامنے آتے رہے۔
گذشتہ24گھنٹے کے دوران جو687اموات ہوئی ہیں ان میں مہاراشٹر سر فہرست ہیں جہاں 266مریض فوت ہوئے ۔جبکہ کرناٹک میں104،تمل ناڈو میں69،دہلی میں58، آندھرا پردیش میں40،اترپردیش میں34، مغربی بنگال میں 23، بہار میں 17، جموں و کشمیر میں16اور تلنگانہ اور گجرات میں10،پنجاب میں 9 ،راجستھان میں8، مدھیہ پردیش میں7، جھارکھنڈ میں 4، ہریانہ میں3، آسام ،کیرل اور اڑیسہ میں2اور چھتیس گڑھ، گوا اور پانڈیچری میں ایک موت ہوئی ہے۔