ممبئی: ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر 27 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے میں 16.7 ارب ڈالر اضافہ کے ساتھ 633.6 ارب ڈالر کے ہمہ وقتی ریکارڈ پر پہنچ گیا ہے ، جبکہ پچھلے ہفتے 2.5 ارب ڈالر گھٹ کر 616.9 بلین ڈالر رہ گئے تھے۔ جمعہ کو ریزرو بینک کی طرف سے جاری کردہ ہفتہ وار اعداد و شمار کے مطابق ، 27 اگست کو ختم ہونے والے ہفتے میں غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کا سب سے بڑا جزو ، غیر ملکی کرنسی کے اثاثے 1.4 ارب ڈالر گھٹ کر 571.5 ارب ڈالر رہ گیا ہے۔
تاہم اس عرصے کے دوران سونے کے ذخائر 19.2 کروڑ ڈالر بڑھ کر 37.44 ارب ڈالر ہو گئے۔بین الاقوامی زر فنڈ(آئی ایم ایف)کے پاس ذخائر 1.4 کروڑ ڈالر بڑھ کر 5.1 ارب ڈالر ہو گیا ہے ۔ زیر نظر ہفتے کے لیے خصوصی ڈرائنگ رائٹس ( ایس ڈی آر )17.9 بلین ڈالر بڑھ کر اب تک ریکارڈ19.41 ارب ڈالر پر رہا ۔ گزشتہ ہفتے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں ریکارڈ اضافے کی بنیادی وجہ آئی ایم ایف کی جانب سے ہندوستان کو 17.86 ارب امریکی ڈالر مختص کرنا ہے۔
ریزرو بینک نے آج کہا کہ آئی ایم ایف نے 23 اگست کو 17.86 ارب ڈالر کا ایس ڈی آرمختص کیا ہے، جس سے یہ بڑھ کر 19.41 ارب ڈالر ہو گیا ہے۔ آئی ایم ایف رکن ممالک میں ایس ڈی آر مختص کرنا موجودہ کوٹے کے تناسب سے ہوتا ہے۔ آئی ایم ایف کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 2 اگست کو رکن ممالک کے لئے 456 ارب ایس ڈی آر مختص کرنے کی منظوری دی تھی ، جو 23 اگست سے نافذ العمل ہو گئی۔ اس میں ہندوستان کا حصہ ایس ڈی آر 12.57 ارب ایس ڈی آر رہا ہے۔
