غازی آباد(اترپردیش):خطہ قومی دارالخلافہ کے شہر غازی آباد میں ایک اندوہناک سانحہ میں ایک شخص اور اس کی دو بیویوں نے اپنے دو بچوں کا گلا گھونٹ کر قتل کرنے کے بعد پر اسرار حالات میں غازی آباد کے اندرا پورم میں واقع کرشنا سیپفائر اپارٹمنٹ کی8ویں منزل سے چھلانگ لگا دی۔
جس میں شوہر اور اس کی ایک بیوی ہلاک ہو گئے جبکہ دوسری بیوی شدید زخمی ہے اور اس کی بھی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
پولس کا خیال ہے کہ خانگی تنازعہ اورمالی تنگی سے عاجز آکر اس کنبہ نے یہ انتہائی اجتماعی اقدام کیا ہے۔ سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولس سدھیرکمار کے مطابق منگل کی سبح یہ خبر ملی کہ کرشنا سیپ فائر میں تین افراد نے 8ویں منزل سے چھلانگ لگا دی۔پولس فوراً جائے وقوعہ پہنچی جہاں اس نے ایک مرد اور ایک عورت کو مردہ اور ایک خاتون کو شدید زخمی حالت میں پایا۔
متوفیان کا فلیٹ کھولا گیا تو وہاں ایک18سالہ لڑکی اور ایک13سالہ لڑکے کی لاش ملی۔ بعد ازاں ان دونون کی شناخت بالترتیب کرتیکا اور ریتک کے طور پر کی گئی ہے۔ تحقیقات سے علم ہوا ہے کہ یہ کنبہ ڈیڑھ ماہ پہلے ہی اس مکان میں آیا تھا۔
بتایا جاتا ہے کہ جس فلیٹ میں یہ کنبہ رہائش پذیر تھا اس پر ایک خود کشی نامہ جس میں خود کشی کا ذمہ دار راکیش ورما نام کے ایک شخص کو بتایا گیا تھا، اور پانچ پانچ سو کے نوٹ چسپاں تھے۔ اس کے برابر میں کچھ ایسے چیک بھی چپکائے گئے تھے جو بینک سے باؤنس ہوئے تھے۔
خود کشی کی تحریر میں یہ بھیلکھا ہے کہ پانچوں کے آخری رسوم ایک ہی جگہ پر ادا کیے جائیں۔متوفی کا نام گلشن ہے جبکہ ایک بیوی کا نام گلشن پروین اور دوسری کا سنجنا ہے۔