دمشق: ( اے یو ایس )داعش تنظیم کے خلاف سرگرم بین الاقوامی اتحادی افواج کے آپریشن کے ترجمان کرنل وائن میروٹو کا کہنا ہے کہ شام میں امریکی فورسز کو راکٹ حملے کا نشانہ بنائے جانے سے متعلق رپورٹیں بے بنیاد ہیں۔ یہ بات اتوار کی شام کی گئی ایک ٹویٹ میں کہی گئی۔
اس سے قبل سیرین ڈیموکریٹک فورسز (ایس ڈی ایف) نے اپنے میڈیا سینٹر کے سربراہ فرہاد شامی کی زبانی تصدیق کی تھی کہ دیر الزور صوبے میں العمر آئل فیلڈ کی مغربی جانب نامعلوم سمت سے دو راکٹ گرینیڈز آ کر گرے۔
شام میں امریکی افواج نے اس جگہ کو اپنا مرکز بنایا ہوا ہے۔ ادھر شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کے اعلان کے مطابق ایرانی ملیشیاو¿ں نے راکٹ گرینیڈز کے ذریعے امریکی فورسز کو نشانہ بنایا۔المرصد کے مطابق العمر آئل فیلڈ میں کئی دھماکے ہوئے۔ یہ شام میں بین الاقوامی اتحاد کا سب سے بڑا اڈا ہے۔
المرصد کا کہنا ہے کہ راکٹ گرینیڈز دیر الزور کے دیہی علاقے میں ایرانی ملیشیا کے زیر کنٹرول علاقوں سے داغے گئے۔یاد رہے کہ مذکورہ امریکی اڈے کو گذشتہ ہفتے راکٹ گرینیڈز سے حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ کارروائی شام اور عراق کے درمیان سرحد پر عراقی ملیشیا الحشد الشعبی کے ٹھکانوں پر امریکی فضائی بم باری کے بعد سامنے آئی تھی۔