کابل:انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (آئی او ایم) نے دو سال بعد کابل ہوائی اڈے پر اپنا کام کاج دوبارہ شروع کر دیا۔ مہاجرین اور وطن واپسی کی وزارت نے کہا کہ ملک میں تنظیم کی کارروائیوں کا دوبارہ آغاز فائدہ مند ہے۔ وزارت کے مطابق تنظیم قانونی طور پر ملک واپس آنے والے تارکین وطن کے اندراج اور ان کی مدد کرنے کی ذمہ دار ہے۔
وزارت کے ترجمان عبدالمطلب حقانی نے کہاکہ ہوائی اڈے پر واقع یہ دفتر وطن واپس آنے والے تارکین وطن کا اندراج کرتا ہے اور اس دفتر کو وزارت برائے مہاجرین اور بین الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت کی کوششوں سے دوبارہ فعال کیا گیا ہے۔ کچھ تجزیہ کاروں کے مطابق آئی او ایم کی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز تارکین وطن کے مسائل کو حل کرنے کے لیے کافی مفید ہے۔
تارکین وطن کے امور کی وکیل آصفہ ا ستانکزئی نے کہاکہ افغانستان میں اقوام متحدہ کی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز مہاجرین کی صورتحال کی جانب ایک اچھا قدم ہے کیونکہ اس تنظیم کی کاروباری ترقی ، امیگریشن کے امور کے ضابطے اور جبری ہجرت سے نمٹنے کے کے شعبوں میں کافی سرگرمیاں ہیں۔
دریں اثنا کچھ تارکین وطن نے امارت اسلامیہ اور بین الاقوامی تنظیوں سے ان کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے کہا۔ایک تارک وطن فیروز عیدن نے کہا کہ افغانوں کے ترک وطن کی بنیادی و جہ روزگار کی کمی اور موجودہ صورتحال ہے۔ کابل ایئرپورٹ پر انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن کا دفتر اشرف غنی حکومت کی معزولی کے بعد تباہ کر دیا گیا تھا اور اس کی سرگرمیاں رک گئی تھیں۔