تہران:ایران نے ملک گیر پیمانے پر بڑھتے درجہ حرارت کے باعث ملک بھر میں دو دن کی تعطیل کا اعلان کر دیا۔ سرکاری میڈیا نے حکومتی ترجمان علی بہادری جہرومی کے حوالے سے بتایا کہ شدید گرمی سے ہونے والی بیماریوں کے کیسز میں ممکنہ اضافے کے بارے میں وزارت صحت کی جانب سے انتباہ کے بعد بدھ اور جمعرات کو سرکاری دفاتر، بینک اور اسکول بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سرکاری نیوز ایجنسی ایرنا کے مطابق ایران میں شدید گرمی کے باعث پہلی بار 2 روزہ مکمل شٹ ڈاو¿ن کا اعلان کیا گیا ہے۔ ملک میں درجہ حرارت 123 ڈگری فارن ہائیٹ یعنی 50 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا ہے۔
وزارت صحت نے لو لگنے اور شدید گرمی سے پھوٹ پڑنے والے امراض کے خطرے کا حوالہ دیتے ہوئے بچوں، بزرگوں اور بیماروں کو گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا ہے۔حکومتی ترجمان نے مزید کہا کہ تمام اسپتالوں میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ جنوب مشرقی صوبے سیستان بلوچستان میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور گردو غبار کے طوفان نے حال ہی میں تقریباً 1,000 افراد کو اسپتال پہنچا دیا۔ وزارت توانائی نے کہا کہ ایران میں اس سال بجلی کا استعمال ریکارڈ سطح تک پہنچنے کی توقع ہے کیونکہ لوگ اے سی کا کثرت سے استعمال کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ایران میں بجلی کا بحران مزید گہرا ہو سکتا ہے۔ یہاں بجلی کا بنیادی ڈھانچہ بہت پرانا اور مرمت طلب ہے تاہم اسے کار آمد بنانے کے لیے غیر ملکی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے جو امریکا کی جانب سے عائد پابندیوں کے باعث ناممکن ہے۔وزارت توانائی کے ترجمان نے کہا کہ ایران کے بجلی کے بحران کے پیش نظر آئندہ ایام میں شٹ ڈاو¿ن کے اوقات میں توسیع کی جا سکتی ہے۔