واشنگٹن: (اے یو ایس ) امریکی جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے چیئرمین جنرل مارک ملی نےزور دےکر کہا ہے کہ ایران موجودہ اور سابق امریکی اہلکاروں کو قتل کرنے کی کھلے عام دھمکیاں دیتا رہتا ہے۔ ان کا کہنا ہےکہ یہ طرز عمل ناقابل قبول ہے۔ گذشتہ دنوں کانگریس سے خطاب میں انہوں نے تجویز پیش کی کہ ایران امریکا اور اس کے شراکت داروں اور اتحادیوں کے لیے ایک بڑا علاقائی خطرہ رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران اپنے بیلسٹک میزائل پروگراموں کے علاوہ دہشت گردانہ سرگرمیوں اور پڑوسیوں کی سرحدوں کے اندر اپنی پراکسی فوج کی حمایت کے ذریعے مشرق وسطیٰ میں علاقائی نظام اور طاقت کے توازن کا تبدیل کرنا چاہتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اس مقصد کے حصول کے لیے دباؤ کے ذریعے اپنے جوہری پروگرام کو فروغ دیتا رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر جوہری پروگرام کو کسی نئے معاہدے کے ذریعے محدود نہیں کیا گیا تو ان کے جوہری پروگرام کے جاری رہنے سے علاقائی سطح پر ہتھیاروں کی دوڑ شروع ہونے کا خطرہ ہے۔گذشتہ جمعہ کو امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا تھا کہ واشنگٹن ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ طویل مدتی میں معاہدے میں امریکا ایران کے میزائل پروگرام پر توجہ دے گا۔ تہران کے رویے سے اپنی افواج اور اتحادیوں کا دفاع کرتا رہے گا۔
