تہران:بدھ کی شام کو ایران اور پورے متحدہ عرب امارات میں شدید زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ دوبئی، ابوظہبی اور شمالی اماراتکے رہائشیوں نے یہ جھٹکے جو 20 سیکنڈ تک جاری رہے، محسوس کیے۔زلزلے سے ہونے والے ممکنہ نقصانات یا جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ہے۔
صوبہ ہرمزگان کی ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے ڈائریکٹر مختار صلاحشور نے بتایا کہ صوبے کے ریڈ کریسنٹ کے عہدیداران الرٹ ہیں اور دوسری جانب تحقیقاتی ٹیمیں زلزلے سے متاثرہ علاقہ روانہ کر دی گئی ہیں۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق زلزلہ کے جھٹکے محسوس کرنے کے بعد راحت کاری و بچاؤ کا کام کرنے کے لیے رسیکیو ٹیمیں بھیج دی گئیں۔
ٹی وی نشریہ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اس زلزلہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ای ایم ایس سی کے مطابق زلزلہ10کلو میٹر زیر زمیں تھا اور اس کا مرکز متحدہ عرب امارات کے شہر راس الخیمہ کے مغرب میں تقریبا88کلو میٹر کی دوری پر تھا۔ واضح ہو کہ اایران کے متعدد علاقوں میں اس سال کئی زلزلے آئے۔ ایران میں ریختر پیمانے پر پانچ یا اس سے زیادہ کی شدت کے زلزلوں کا سلسلہ اکثر محسوس کیا جاتارہا ہے۔ دو ہفتے قبل ایران میں آنے والے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے جن کی شدت 5.3 تھی۔