تہران: (اے یو ایس)ایران کے ایک سینیر عہدیدار نے کہا ہے کہ ایرانی حکومت ہرماہ فلسطینی تنظیم’حماس’ کو کروڑوں ڈالر فراہم کررہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں فلسطینی تنظیموں کی فنڈنگ ایران کے پروگرامات کاحصہ ہے۔ایرانی عہدیدار نےانکشاف کیا کہ غزہ کی پٹی میں زیر زمین راکٹ سازی کے تین کار خانے کام کر رہے ہیں۔ایرانی عہدیدار نے بتایا کہ ایران کی مدد سے حماس نے طویل فاصل تک مار کرنے والے راکٹ تیار کرلیے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائیٹرز کے مطابق حماس کی سرمایہ کاری کا حجم کروڑوں ڈالر میںہے۔مغربی ذرائع ابلاغ کے مطابق حماس کو بعض یورپی فلاحی اداروں سے بھی مدد مل رہی ہے۔یہ انکشافات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب 10 مئی سے 21 مئی تک مسلسل گیارہ روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی پر بمباری کی۔ بمباری میں 240 فلسطینی شہید اور 13 صہیونی ہلاک ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے غزہ کی پٹی میں حماس کے اسلحہ کے مراکز اور راکٹ تیار کرنےوالی فیکٹریوں کو نشانہ بنا کر انہیں تباہ کیا ہے۔