تل ابیب :(اے یو ایس ) اسرائیلی وزیر دفاع نے ایران پر الزام لگایا ہے کہ اصفہان کے علاقے میں ایک فوجی اڈے پر غیر ملکی ملیشیاﺅں کو ڈرون طیارے چلانے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ بینی گینتز نے یہ بیان ایران کی جانب سے خلیج عمان میں اسرائیلی ٹینکر پر مبینہ ڈرون حملے کے ایک ماہ بعد جاری کیا ہے۔
اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینتز کے مطابق ایران کی کاشان ائیر بیس پر یمن، عراق، شام اور لبنان سے تعلق رکھنے والی ملیشیائیں ایرانی ساختہ ڈرون طیارے اڑانے کی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔تل ابیب کی ایک مقامی یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے گینتز نے خبردار کیا کہ ایران ڈرون طیارے بنانے کی تکنیک غزہ تک منتقل کرنا چاہتا ہے تاکہ وہاں ڈرون طیارے تیار کیے جا سکیں۔
اسرائیلی وزارت دفاع نے اس موقع پر کاشان کے رن وے پر موجود ڈرون طیاروں کی سیٹلائٹ تصاویر بھی جاری کیں۔29 جولائی کو عمان کے قریب بین الاقوامی پانیوں میں اسرائیلی سرمایہ کار ایال عوفر کی کمپنی کے ملکیت والے آئل ٹینکر کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا جس میں عملے کے دو ارکان ہلاک ہوگئے۔