تہران: ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے اعلیٰ کمانڈر میجر جنرل قسم سلیمانی کی امریکی ڈون حملہ میں ہلاکت کے بعد ایران نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے سر پر8کروڑ ڈالر انعام مقرر کیا ہے۔
ایرانی جنرل جمعہ کے روز اس وقت ہلاک ہو گئے تھے جب بغداد ہوائی اڈے پر ان کے قافلہ کو ہدف بنا کر ڈرون حملہ کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی ہے جس میں سلیمانی کی ہلاکت کے بعد احتجاج میں ہزاروں افراد کو مارچ کرتے دکھایا گیا ہے اور اسی میں ایک مردانہ آواز بلند ہوتی ہے جس میں امریکی صدر کے سر پر کثیر رقم کے انعام کا اعلان کیا جاتا ہے۔
جنازے کے دوران کیے جانے والے اعلان میں یہ بھی کہا گیا کہ سرکاری نیوز چینلوں سے باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے کہ ہر ایرانی کی جانب سے ایک امریکی ڈالر رکھا جائے گا اور یہ نقد رقم اس شخص کو دی جائے گی جو ر ٹرمپ کوجان سے مارے گا۔
ایران میں80ملین آبادی ہے ۔اور ہر ایرانی ایک ڈالردے گا تو یہ رقم8کروڑ ڈالر ہو جائے گی جو ٹرمپ کو جان سے مارڈلانے والے کو بطور انعام دے دی جائے گی۔
واضح ہو کہ جمعہ کے روز ٹرمپ کے حکم پر بغداد ہوائی اڈے پر جنرل سلیمانی کے قافلہ کو ہدف بنا کر بمباری کی گئی تھی جس میں جنرل سلیمانی کے ساتھ عراق کے نیم فوجی دستے الھشد شعبی کے نائب سربراہ ابو مہدی المھندس ہلاک ہو گئے تھے۔