تہران: ایران اور قطر نے تمام شعبہ حیات میں دو طرفہ تعاون کو مستحکم کرنے کا عزم کیا۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایرنا کے مطابق اتوار کے روزایران کے دارالحکومت تہران میں ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل (ایس این ایس سی) کے سیکرٹری علی اکبر احمدیان اور قطر کے علاقائی معاون وزیر خارجہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزکے درمیان ہونے والی ایک ملاقات کے دوران فریقین نے تمام شعبوں میں خاص طور پر تجارت اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی مشترکہ تعمیر میںتعاون کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ایجنسی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے مخصوص منصوبوں اور نظام الاوقات کے مطابق ان شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے اور اس طرح کے تعاون کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
بعد ازاں قطری سفارت کار نے ایران کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور علی باقری کنی سے ملاقات کی اور دوطرفہ تعلقات اور خطے کے مشترکہ مفادات کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ قطر وزیر نے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے تیار ہے۔ دونوں سفارت کاروں نے اسلامی ممالک خاص طور پر اسلامی تعاون تنظیم کے ذریعے سویڈن اور ڈنمارک میں قرآن کی بے حرمتی کے خلاف اجتماعی اقدام کرنے پر زور دیا۔ ایرانی نائب وزیر نے کہا کہ قرآن کو نذر آتش کرنا یورپ میں مسلمانوں کے بنیادی اور انسانی حقوق کو پامال کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈنمارک اور سویڈن پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے ممالک میں اس طرح کی ثقافتی بربریت کو ختم کریں واضح ہو کہ جمعہ کے روز انتہائی دائیں بازو کے ڈنمارک کے ایک گروپ نے ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں عراقی سفارت خانے کے باہرقرآن مجید کا نسخہ جلایا اور عراقی پرچم کو روند ڈالا۔
