تہران:(اے یو ایس ) ایران کے رہبر معظم آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایران اور سعودی عرب کو اپنے سفارت خانوں کو از سر نو کھولنے پر زور دیا ہے۔ علی خامنہ ای نے یہ بات بدھ کے روز کہی ۔خطے کے دو اہم مگر مخالفانہ سوچ رکھنے والے ملکوں کے لیے ایرانی رہبر معظم کی یہ سوچ غیر معمولی ہے۔ تاکہ دونوں کے درمیان سفارتی روابط اور معاہدوں کا امکان باقی رہے۔واضح رہے ایران اور سعودی عرب کے درمیان سفارتی تعلقات 2016 میں منقطع ہو گئے تھے۔
دونوں ملک یمن، شام اور دیگر جگہوں پر ایک دوسرے سے متصادم پالیسی اور موقف کی حمایت کرتے رہے ہیں۔ حتیٰ کہ عملی طور پر بھی ایک دوسرے کے خلاف کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
عراق نے رواں سال کے ماہ اپریل میں خطے کے ممالک میں تعلقات کی بہتری کے لیے ایک کانفرنس کی میزبانی کی تھی، جس میں ایران اور سعودی عرب بھی شریک ہوئے تھے۔ایرانی رہبر اعلیٰکے قریبی ساتھی علی اکبر ولایتی نے اس بارے میں کہا ہے کہ ہم اور سعودی عرب پڑوسی ہیں ، ہمیں لازماً بقائے باہمی کے تحت آگے بڑھنا چاہیے۔ دونوں ملکوں کو اپنے تنازعات طے کرنے کے لیے سفارت خانوں کو دوبارہ سے کھولنا چاہیے۔