تہران: ایران کے پاسداران انقلاب کے محافظوں نے تیل کی اسمگلنگ کے شبے میں ایک بحری جہاز قبضے میں لے کر جہاز کے 16 ملائیشین عملے کو گرفتار کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کی ویب سائٹ کے مطابق محافظوں نے ابو موسیٰ جزیرے سے 15 ناٹیکل میل کی دوری پر 13 لاکھ لیٹر اسمگل شدہ تیل سے لیس بغیر نام کے جہاز کو قبضے میں لے لیا ہے۔

پاسداران انقلاب کے خطے کے نیول کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی کا کہنا تھا کہ ‘جہاز کے عملے کے 16 افراد جو ملائیشیا کے باشندے ہیں، کو بھی گرفتار کیا گیا ہے’۔

واضح رہے کہ ابو موسیٰ خلیجی جنوب کے ان 3 جزیروں میں سے ایک ہے جس پر ایران کا کنٹرول ہے تاہم اس کا دعویٰ متحدہ عرب امارات کرتا ہے۔ستمبر کے مہینے میں ایران نے آبنائے ہرمز سے ایک کشتی کو قبضے میں لے کر 12 فلپائنی عملے کو تیل کی اسمگلنگ کے شبہ میں گرفتار کیا تھا۔

14 جولائی کو پاسداران انقلاب نے ایک ‘غیر ملکی ٹینکر’ کو سمندر کی خلیجی حدود سے تیل کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔31 جولائی کو ایران نے ایک اور کشتی کو قبضے میں لیا تھا جس میں 7 غیر ملکی عملہ موجود تھا تاہم انہوں نے اس کی شناخت ظاہر نہیں کی تھی۔

خلیجی ریاستوں میں رواں سال کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ امریکا نے 2018 میں ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو ختم کرتے ہوئے اس کے خلاف دباؤ بڑھانے کی مہم کا آغاز کررکھا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *