تہران: ایران کے ایک رکن پارلیماں نے اعلان کیا ہے کہ جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا انتقام لینے کے لیے جو بھی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو موت کے گھاٹ اتارے گا اسے 30لاکھ ڈالر انعام دیا جائے گا۔

امریکی ترک اسلحہ کے سفیر رابرٹ ووڈ نے ٹرمپ کے سر پر انعام کے اعلان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ثابت ہوجاتا ہے کہ حکومت ایران دہشت گردوں کا پایہ بنی ہوئی ہے۔

ایرانی مجلس کے ایک غیر معروف رکن احمد حمزہ نے جنرل سلیمانی کے آبائی وطن اور ان کی آخری آرام گاہ کرمان کے عوام کی جانب سے اس انعام کا اعلان کیا۔

واضح ہوکہ اس ماہ کے اوائل میں عراق کے دارالخلافہ بغداد کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے جارہے قافلہ کو نشانہ بنا کر کیے گئے امریکی ڈرون حملہ میں ایرانی پاسداران انقلاب کی القدس فورس کے سربراہ میجر جنرل قاسم سلیمانی اور حشد شعبی کے نائب سربراہ ابو مہدی مھندس ہلاک ہو گئے تھے۔

جنوب مشرقی شہر کرمان کے قریب کہنوج کاؤنٹی کی نمائندگی کرنے والے حمزہ کے حوالے سے نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ایسنا نے کہا کہ ”جو بھی ٹرمپ کو قتل کرے گا ہم اسے3ملین ڈالر انعام دیں گے“۔تاہم حمزہ نے یہ نہیں بتایاکہ کیا انعام کے ان کے اعلان کو ایران کے مذہبی حکمرانوں کی سرکاری سطح پر باقاعدہ حمایت حاصل ہے ۔

حمزہ نے انعام کی پیش کش ایران کی290رکنی پارلیمنٹ میں تقریر کرتے ہوئے کی۔حمزہ نے یہ بھی کہا کہ ایران کو اپنی حفاظت کے لیے غیر روایتی اسلحہ بردارطویل فاصلہ تک مار کرنے والے میزائل تیار کرنے چاہئیں۔۔اگر آج ہمارے پاس ایٹمی ہتھیار ہوتے تو ہم خطروں سے محفوظ ہوتے۔یہ ہمارا فطری حق ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *