تہران:(اے یوایس) کرناٹک کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے خلاف ہزاروں ایرانی طلبا سڑکوں پر نکل آئے۔ایرانی میڈیا کے مطابق ایرانی طلبا کی بڑی تعداد نے ہندوستان کی حجاب مخالف پالیسی کے خلاف ہندوستانی سفارت خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، طلبا نے حجاب پر پابندی کے خلاف نعروں کے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ان پلے کارڈز پر ہندوستان میں مسلمان طالبات کو انصاف فراہم کرنے کے مطالبات درج تھے۔
طلبا مظاہرین نے حجاب پر پابندی کو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور امتیازی سلوک قرار دیا۔طلبا نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ہندوستان میں حجاب پر پابندی کے خلاف ایران مذمتی بیان جاری کرے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ کسی بھی شخص کا لباس اور پوشاک کا انتخاب انسانی حقوق کے حوالے سے عالمی اعلامیہ کی دفعہ19کے تحت آزادی اظہار کا ایک اہم جزو ہے۔
ایران کے پریس ٹی وی نے خبر دی ہے کہ احتجاجی طلبا نے ملک کے ارباب اقتدار سے پر زور اپیل کی کہ بی جے پی ، جو ملک گیر پیمانے پر یکساں سول کوڈ کی مہم چلا رہی ہے،قیادت والی ریاست کرناٹک کی حکومت کی جانب سے حجاب پر پابندی کے خلاف بیان جاری کریں اور اقدامات کریں۔