تہران: ایران کے صدر حسن روحانی نے گزشتہ روز خبردار کیا کہ ملک کورونا وائرس کی پانچویں لہر کی زد میں آ گیا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ ڈیلٹا قسم کا نیا وائرس اسپتال میں مریضوں کے داخلے کی تعداد اور اموات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔ایران میں 275 شہروں، بشمول دارالحکومت تہران کے تمام غیر ضروری کاروبار بند کرنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ جن شہروں میں انفیکشن کی شرح زیادہ ہے، ان کے درمیان سفر کو بھی محدود کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اب تک صرف پانچ فی صد ایرانی شہریوں کو ویکسین لگائی جا سکی ہے۔امریکہ کے جانز ہاپکنز کرونا وائرس ریسورس سنٹر نے پیر کو رپورٹ کیا کہ اب تک دنیا بھر میں کوویڈ کے 18 کروڑ 39 لاکھ کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جب کہ امریکہ تین کروڑ 37 لاکھ کیسز کے ساتھ پہلے اور ہندستان مےں تین کروڑ چھ لاکھ کیسز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جانز ہاپکنز کے مطابق اب تک دنیا میں ویکسین کی تین ارب خوراکیں لوگوں کو دی جا چکی ہیں۔