Iran's Raisi warns Israel against any hostile actionتصویر سوشل میڈیا

تہران: (اے یو ایس ) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران کے خلاف ادنیٰ سی حرکت بھی کی تو ایرانی مسلح افواج اسرائیل کے قلب کو نشانہ بنائیں گی۔ پیر کے روز ایک فوجی پریڈ سے خطاب میں رئیسی نے کہا کہ اگر تم لوگوں نے ہمارے عوام کے خلاف ادنی سی حرکت بھی کی تو ہماری مسلح افواج کا رخ تمہاری حکومت کے قلب کی جانب ہو گا ۔رئیسی کے خطاب کو ایران کے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا گیا۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ وہ ایران کا ایک “جوہری ریاست” بننا ہر گز قبول نہیں کرے گا۔ تہران اور بڑی عالمی طاقتیں اس وقت 2015ئ میں طے پانے والے جوہری معاہدے کو بحال کرنے کی کوششوں میں ہیں۔ قبل ازیں بدھ کے روزاسرائیلی سفارتی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران جوہری ہتھیار تیار کرنے کے لیے مطلوب افزودہ یورینیم حاصل کرنے کے قریب پہنچ چکا ہے۔یروشلم پوسٹ اخبار کے مطابق مذکورہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران افزودہ یورینیم کی ایک بڑی مقدار حاصل کرنے کے قریب ہو رہا ہے جو ایک بم تیار کرنے کے لیے کافی ہے۔ یہ امر سرخ لکیر ہے جس کو مغربی ممالک نے بات چیت میں رکھا تھا۔

ایک سفارتی ذریعے کے مطابق ایرانیوں نے ابھی تک درمیانی راستے کے لیے یورپی ممالک کی کسی تجویز کو قبول نہیں کیا ہے۔ ایرانیوں نے کسی بھی معاہدے تک پہنچنے کے لیے یہ بنیادی شرط رکھی ہے کہ ایرانی پاسداران انقلاب کا نام غیر ملکی دہشت گرد تنظیموں کی امریکی فہرست سے خارج کیا جائے۔دوسری جانب اسرائیلی ذمے داران نے یورپی مذاکرات کاروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بات کی ضمانت دیں کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی (آئی اے ای اے) ایران کے جوہری پروگرام کے ممکنہ عسکری زاویوں کے حوالے سے جاری تحقیقات بند نہیں کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *