Iraq: Explosions targeting power transformers in Mossal and Kirkukتصویر سوشل میڈیا

بغداد: ( اے یو ایس ) دہشت گرد گروپوں نے عراق کے شہروں کرکوک اور موصل میں کئی مقامات پر بجلی سپلائی لائنوں کو نشانہ بنا کر بم دھماکے کیے ۔اطلاعات کے مطابق شمالی عراق میں کرکوک کے قریب ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں ملا عبداللہ ٹرانسمیشن لائن متاثر ہوئی ہے جس کے نتیجے کرکوک کے نواحی علاقے الدبس اور اطراف کے مقامات اندھیرے میں ڈوب گئے ہیں۔یہ تازہ دھماکے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب جمعہ کی شام کو یہ اطلاعات آئی تھیں کہ بغداد آپریشن کمان نے بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملوں کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

بغداد میں آپریشن کمان کے سربراہ میجر جنرل احمد سلیم بھجت نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 10 راکٹ داغے تاہم فیڈرل پولیس نے یہ حملے ناکام بنا دیے۔ادھر عراق کی جوائنٹ آپریشن کمانڈ نے جمعہ کے روز بتایا کہ بجلی کے ٹاوروں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ ان حملوں کو روکنے کے لیے موثر اقدامات کیے گئے ہیں۔جوائنٹ آپریشن کمانڈ کے ترجمان میجر جنرل تحسین الخفاجی نے بتایا کہ حملوں کی تحقیقات اور مزید حملوں کی روک تھام کے لیے وزارت بجلی کے ساتھ ایک مشترکہ کنٹرول روم قائم کیاگیا ہے۔

عراق کی تمام سیکیورٹی فورسز، عراقی فوج، وفاقی پولیس، الحشد الشعبی ملیشیا اور بجلی کے امور کی ذمہ دار پولیس کے اشتراک سے بجلی کی تنصیبات پر حملوں کی روک تھام کے لیے ورکنگ پلان بنایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اپنے طے شدہ منصوبوں اور پروگرام کو ڈرون طیاروں، فضائیہ کے جنگی طیاروں، عراق کی فوج اور دوسرے اداروں کی مدد سے عملی جامہ پہنائیں گے۔عراقی عہدیدار کا کہنا تھا کہ دہشت گرد گروپوں کی طرف سے ملک میں بجلی کی سپلائی لائنوں کو نشانہ بنائے جانے اور متاثرہ مقامات کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔الخفاجی نےشہریوں پر زور دیا کہ وہ دہشت گرد مافیا کے بارے میں معلومات کی فراہمی کے لیے سیکیورٹی اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *