تہران : (اے یو ایس ) عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی سعودی عرب کے دورے کے ایک روز بعد اتوار کو اپنے وزیر خارجہ فواد حسین اور دیگر اعلیٰ عہدیداران کے ہمراہ ایران کے دارالحکومت تہران پہنچ گئے ہیں۔ایران کی سرکاری خبررساں ایجنسی ایرنا کے مطابق الکاظمی ایرانی قیادت سے ملاقات کرکے دو طرفہ تعلقات اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔ایران کے سرکاری ابلاغی ذرائع نے دارالخلافہ میں قصر سعد آباد میں صدر ابراہیم رئیسی کو الکاظمی کا پر تپاک خیر مقدم کرتے دکھایا۔
رئیسی نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوشش کرنے کا بظاہر خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس پر زور دیتے ہیں کہ خطہ کے مسائل کے تصفیہ کے لیے علاقائی رہنما ایک دوسرے سے ملاقات و تبادلہ خیال کریں ۔انہوں نے میڈیا کے نمائدنوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور عراق اس میں یقین رکھتے ہیں کہ خطہ میں امن و استحکام کا انحصار تمام علاقائی رہنماو¿ں کے رول پر ہے۔رئیسی نے اپریل میں یمن میں، جہاں گذشتہ سات سال کی خانہ جنگی میں ایران اور سعودی عرب حریفوں کی حمایت کر رہے ہیں، ہونے والی جنگ بندی کا خیر مقدم کیا ۔
وزیراعظم کا یہ دورہ ہفتہ کی شب سعودی عرب کے مختصر دورے کے، جس میں سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا بہ نفس نفیس خیر مقدم کیا تھا،دوسرے روز ہوا ہے۔دونوں رہنماو¿ں نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ خطے میں سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے کی حمایت پرتبادلہ خیال کیا۔واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان 2016 سے سفارتی تعلقات منقطع ہیں لیکن عراق نے حالیہ مہینوں میں سعودی عرب اور ایران کے درمیان مذاکرات کے کئی ادوار کی میزبانی کی ہے اوران کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی بحالی کے لیے کافی پیش رفت ہوچکی ہے۔
تصویر سوشل میڈیا