پشاور:(اے یو ایس ) داولت اسلامی خراسان یا دولت اسلامی فی العراق و الشام خراسان کے نام سے پکاری جانے والی دولت اسلامیہ فی العراق و الشام (داعش) کی افغانستان شاخ نے پشاور کے معروف سکھ حکیم سردار ستنام سنگھ خالصہ کو قتل کرنے کی ذمہ داری قبول کر لی ۔ خیبر پختونخوا کے دارالخلافہ پشاور کے مصروف ترین علاقے فقیر آباد میں جمعرات کی سہ پہر نامعلوم مسلح ملزمان نے ایک سکھ حکیم کو ان کے دواخانے میں گھس کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔سکھ حکیم کو دکان نما کلینک کے اندر قتل کرنے کے اس واقعے کے بعد پشاور اور خیبر پختونخوا کے دیگر علاقوں میں رہائش پذیر سکھ برادری کے افراد تشویش کا شکار ہیں۔
سکھ برادری کے رہنما سردار گورپال سنگھ نے انسپکٹر جنرل پولیس کے ساتھ رابطہ کر کے ان سے سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔حکیم سردار ستنام کے قتل کا مقدمہ فقیر آباد پولیس تھانے میں درج کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واردات میں نائن ایم ایم پستول کا استعمال کیا گیا ہے تاہم جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔حکام کے مطابق واردات کے فوراً بعد تمام ناکہ بندیوں اور پٹرولنگ پولیس کے ذریعے مشکوک افراد کی کڑی نگرانی بھی شروع کر دی گئی ہے۔مقتول سکھ حکیم کے بھائی سردار من موہن سنگھ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ کوئی دشمنی یا لین دین پر کسی قسم کا کوئی تنازع نہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے بھائی کا قتل مذہبی منافرت کی واردات ہے۔سردار من موہن سنگھ کے بقول ان کے بھائی تعلیم یافتہ تھے اور علمِ طب میں گولڈ میڈلسٹ تھے۔سردار من موہن سنگھ نے بتایا کہ ستنام سنگھ حسن ابدال میں رہائش پذیر تھے جو ہفتے میں ایک یا دو دن پشاور میں اپنے کلینک پر آتے تھے۔انہوں نے کہا ہے کہ وہ انصاف کے طلب گار ہیں، ان کے ساتھ بہت ظلم ہوا ہے۔
پشاور میں سکھ برادری کے رہنما سردار گورپال نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ سردار ستنام سنگھ کا شمار ملک کے منجھے ہوئے حکیموں کی فہرست میں ہوا کرتا تھا اور وہ پیر کی صبح پشاور آتے تھے اور جمعرات کی شام واپس حسن ابدال جاتے تھے۔ان کے بقول جمعرات کو ستنام سنگھ حسن ابدال جانے کی تیاری کر رہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کے کلینک میں گھس کر انہیں قتل کر دیا۔حکیم سردار ستنام سنگھ سے قبل پشاور میں 10 سکھوں کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا جا چکا ہے۔آخری بار تیس مئی 2018 کو سکھ برادری کے انتہائی متحرک اور مقبول رہنما سردار چرن جیت سنگھ کو بھی نامعلوم افراد نے کوہاٹ روڈ پر واقع ان کی دکان میں گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔سکھ برادری کے رہنما رادیش سنگھ ٹونی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک طرف حکومت اقلیتوں کو تحفظ دینے کی بات کرتی ہے لیکن دوسری طرف دہشت گرد معصوم انسانوں اور اقلیتوں کو نشانہ بناتے ہیں اور آج تک کسی بھی مقتول کو انصاف نہیں ملا۔انہوں نے حکیم ستنام کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے قاتلوں کی گرفتاری اور انہیں سخت سزا دلوانے کا مطالبہ کیا۔
خیبر پختونخوا کے انسپکٹر جنرل پولیس آصف معظم جاہ نے دیگر اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ہمراہ جمعرات کی شب محلہ جوگن شاہ کے سکھ گوردوارے جاکر متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا اور انہیں قاتلوں کی فوری گرفتاری کا یقین دلایا۔اس موقع پر سکھ برادری کے رہنماوں سردار گوپال سنگھ اور ڈاکٹر صاحب سنگھ کے ساتھ بات چیت کی۔وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حکیم ستنام سنگھ کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے پولیس کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت کی ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے اپنے ایک بیان میں متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ داعش خراسان نے جس نے 15اگست کو افغانستان پر طالبان کے مکمل کنٹرول حاصل کر لینے کے بعد سے مختلف افغان شہروں میں اپنے حملوں میں شدت پیدا کر دی ہے ، حکیم سردار ستنام سنگھ کے قتل کے ساتھ ساتھ کابل ہوائی اڈے پر بھی ہلاکت خیز حملہ کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ واضح وہ کہ اس حملے میں تقریباً170افغان اور 13امریکی فوجی ہلاک ہوئے تھے۔
