اسلام آباد (اے یو ایس )پاکستان کی وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و پیپلز پارٹی کی سنیئر رکن شیری رحمان کا کہنا ہے کہ نگران وزیر اعظم کے حوالے سے پیپلز پارٹی کو کوئی نام نہیں دیے گئے ہیں اور نہ ہی کسی نام پر کوئی اتفاق ہوا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کل میڈیا میں فیک نیوز کے ذریعے کسی کو نگراں وزیر اعظم کا تاج پہنایا گیا ہے لہذا قیاس آرائیوں پر توجہ نہ دی جائے۔
واضح رہے گذشتہ روز پاکستان کے مقامی ذرائع ابلاغ میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگران وزیر اعظم بنانے کے حوالے سے خبریں اور تبصرے چلتے رہے ہیں۔
شیری رحمان نے انھیں خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ نگران وزیر اعظم کے حوالے سے پیپلز پارٹی کا ایک واضح موقف ہے۔ نگران وزیر اعظم ایک غیر جانبدار شخص ہوتا ہے۔انھوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ سے متعلق بھی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہے۔ آئین میں نگران وزیر اعظم کے انتخاب کا ایک طریقہ کار ہے۔ نگران وزیر اعظم کا فیصلہ حکومت اور اپوزیشن جماعتیں مل کر کرتی ہیں اور یہ ایک مشاورتی عمل ہوتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی طرف سے کوئی نام نہیں دیا گیا اور نہ ہی کسی پر اتفاق کیا گیا ہے۔