ISIS claims responsibility for Peshawar bomb blastتصویر سوشل میڈیا

پشاور:(اے یو ایس)پشاور کے علاقے کوچہ رسالدار کی شیعہ جامع مسجد میں جمعہ کو ہونے والے خود کش دھماکے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم’داعش‘ نے قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔داعش کی نیوز ایجنسی ’اعماق‘ نے ایک بیان میں دھماکے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔بیان کے مطابق حملہ آور نے پہلے سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی اور بعد میں امام بارگاہ کے اندر داخل ہوکر خود کو بارودی مواد سے اڑا دیا۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان میں ہونے والے بعض بم دھماکوں کی ذمہ داری داعش کی جانب سے قبول کی جاتی رہی ہے۔علاوہ ازیں پشاور دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کرلیا گیا ہے۔

مقدمہ تھانہ کے آر ایس کے ایس ایچ او وارث خان کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں دفعہ 302، 324، 253، 427، اور انسداد دہشت گردی قانون کی دفعہ سات کو شامل کیا گیا ہے۔دریں اثنا پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ) کے ترجمان کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے مزید پانچ افراد انتقال کرگئے جس سے ہلاک شگان کی تعداد بڑھ کر 62 ہوگئی ۔جب کہ 37 زخمی اب بھی زیرِ علاج ہیں۔ دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی نمازِ جنازہ و تدفین کا عمل بھی جاری ہے جب کہ کوچہ رسالدار کی فضا دوسرے روز بھی سوگوار ہے۔ترجمان کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے ۔

دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں لواحقین کے حوالے کر دی گئی ہیں۔پشاور دھماکے کے ہلاک شدگان میں قبائلی ضلع کرم اور ہنگو کے افراد بھی شامل تھے جب کہ زخمیوں میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے افراد بھی ہیں۔پشاور دھماکے میں ہلاک ہونے والوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل تھے، جن کی نماز جنازہ جمعہ کی شب ادا کی گئی جس میں وزیرِاعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سمیت صوبائی وزرا ، پولیس اور سول انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی ۔ نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میتوں کو آبائی علاقے روانہ کر کر کے مختلف قبرستانوں میں سپردخاک کیا گیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *