Islamic Emirate introduces new members of caretaker cabinetتصویر سوشل میڈیا

کابل: اسلامی امارات افغانستان نے نگراں کابینہ ،فوج اور غیر فوجی عہدوں پر 38نئے اراکین کے تقرر و تعیناتی کا اعلان کیا ہے۔نئے تقررات میں وزیر اعظم کے سیاسی مشیر، شہداءاور معذوروں کی وزارت کے لیے ایک نگراں وزیر ، نائب وزراءاور کورکمانڈرز شامل ہیں۔ اسی دوران ثقافتی کمیشن میں اسلامی امارات کے عہدیداروں نے کہا کہ ان کے خیال میں تجربہ اور آزمودہ کار فوجیوں کی خدمات حاصل کرنا افغانستان میں ایک مضبوط فوج تشکیل دینے کی جانب پہلا قدم ہے۔

کمیشن کے رکن روح اللہ عمر نے کہا کہ ہم ایک مضبوط فوج تشکیل دے رہے ہیں۔ اور کور کی قیادت اور کمانڈروں کا تقرر اس جانب پہلا قدم ہے۔ ایک سابق فوجی عہدیدار محمد صادق شنواری نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ نئی فوج افغانستان کی علاقائی یکجہتی کا دفاع کر سکتی ہے اور دشمنوں اور حکومت وقت کے مخالفین کی کسی بھی چال ،حرکت اور کارروائی کا منھ توڑ جواب دے سکتی ہے۔ نئی فہرست میں افغانستان کی فوجی کور کا نام بدل دیا گیا ہے اور افغانستان کی209شاہین کور کے بجائے اسے اب مزار کور کہا جائے گا۔

نگراں کابینہ کے نئے چہروں میں وزیر اعظم کے سیاسی مشیر مولوی عبد الکبیر، شہدا ور معذوروں کی وزارت کے سربراہ ملا عبدالمجید آخند ، ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے سربراہ مولوی مطیع الحق،ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے نائب سربراہ ملا نورالدین ترابی، قندھار کور کے کمانڈر ملا مہر اللہ حماد، کابل کور کے کمانڈر مولوی حمد اللہ، مزار کور کے کمانڈر مولوی عطا اللہ عمری ، ہرات کور کے کمانڈر مولوی محمد ظریف مظفر، ہلمند کور کے کمانڈر مولوی شرف الدین تقی، قندوز کور کے کمانڈر ملا رحمت اللہ محمد،پکٹیا کور کے کمانڈر قاری محمد ایوب اور لغمان کور کے کمانڈر عبود جانا شامل ہیں۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نئے عہدیداروں کی فہرست میں شامل تمام 38 افراد طالبان ہیں اور بھرتی ہونے والوں میں سے زیادہ تر کا تعلق فوج سے ہے۔دوسری جانب امارت اسلامیہ کے ثقافتی کمیشن کا کہنا ہے کہ فوجی عہدوں پر نئے تقرر ملک میں مضبوط فوج بنانے کے لیے پہلا قدم ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *