کابل: امارت اسلامیہ کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ افغان فضائیہ کے پانچ پائلٹ، جو سابق جمہوری حکومت کی برطرفی کے بعد افغانستان چھوڑ کر چلے گئے تھے، وطن واپس آ گئے ہیں۔ وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ یہ پائلٹ پچھلی حکومت کے خاتمے کے بعد ملک چھوڑ کر چلے گئے تھے تاہم اب ملک واپس آ چکے ہیں اور اپنا کام دوبارہ شروع کر دیا ہے۔
وزارت کے افسران بالا نے کہا کہ وہ سابق حکومت کے پیشہ ور عملہ افغانستان واپس آنے پر آمادہ کرنے اور انہیں ملک واپس آجانے کی جانب راغب کرنے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔واضح ہو کہ جمہوریہ افغانستان کی سابقہ حکومت کے خاتمے اور افغانستان میں امارت اسلامیہ کے دوبارہ قیام کے بعد افغانستان کے تجربہ کار فوجی و افغان فضائیہ کا عمل بشمول پائلٹ ملک چھوڑ کر تاجکستان، ازبکستان، متحدہ عرب امارات اور امریکہ نقل مکانی کر گئے تھے۔
وزارت دفاع کے ترجمان عنایت اللہ خوارزمی نے کہا کہ افغان فضائیہ کے پانچ پائلٹ نے ، جو پروپیگنڈے کی بنیاد پر دوسرے ممالک گئے تھے، امارت اسلامیہ کی اپیل پر لبیک کہا اور واپس آگئے۔دریں اثنا حکمران اماراتی حکومت کے ایک سینئر رکن انس حقانی نے ٹویٹر کے توسط کہا کہ وہ افغان پائلٹون کی واپسی کا خیر مقدم کرتے ہیں اور افغانستان کو پہلے سے کہیں زیادہ ایسے کیڈرز کی ضرورت ہے۔
ایک فوجی ماہر سرور نیازی نے کہا کہ افغانستان کو ڈاکٹروں، انجینئروں، پائلٹوں، اساتذہ اور زندگی کے تمام شعبوں کے ماہرین کی ضرورت ہے ۔ ایسی اطلاعات پہلے ہی موصول ہو چکی ہیں کہ تقریباً 140 پائلٹ اور عملے کے ارکان جو افغانستان سے فرار ہونے کے بعد تاجکستان میں پھنس گئے تھے امریکہ چلے گئے ہیں۔