یروشلم:(اے یو ایس) مونا اور محمد الکرد مشرقی یروشلم میں شیخ جراح کے علاقے سے فلسطینیوں کے جبری انخلا کے خلاف مہم چلاتے رہے ہیں۔ تاہم اسرائیل کا دعوی ہے کہ وہ فساد برپا کرنے میں ملوث ہیں۔اسرائیلی پولیس نے چھ جون اتوارکے روز حقوق انسانی کے ان دو سرکردہ کارکنوں کو حراست میں لے لیا جو مقبوضہ مشرقی یروشلم کے شیخ جراح اور اس کے آس پاس کے علاقوں سے فلسطینی خاندانوں کے جبری انخلا کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلاتے رہے ہیں۔پولیس حکام نے 23 سالہ مونا الکرد کو ان کے گھر سے گرفتار کیا جو شیخ جراح علاقے میں ہی واقع ہے۔ شہر کا یہی وہ حصہ ہے جہاں حالیہ ہفتوں میں فلسطینی خاندانوں کو ان کو اپنے گھروں سے دربدر کرنے کے خلاف مظاہرے ہوتے رہے ہیں۔پولیس حکام پہلے مونا کو ان کے گھر سے ہتھکڑی ڈال کر اپنے ساتھ لے گئی تاہم ان کی گرفتاری کے وقت وہاں جمع مقامی لوگوں اور پولیس میں مختصر سی جھڑپ بھی ہوئیں۔ پولیس تھانے لے جانے کے چند گھنٹوں بعد مونا کو رہا کر دیا گیا۔
پولیس نے مونا کو گرفتار کرنے کے ساتھ ہی ان کے جڑواں بھائی محمد الکرد کو بھی سمّن جاری کیا جو بعد میں خود یروشلم کے پولیس اسٹیشن پر حاضر ہوئے اور بھی پولیس کی حراست میں ہیں۔شیخ جراح کے علاقے میں صدیوں سے آباد کم سے آٹھ فلسطینی خاندانوں کو وہاں سے اس لیے نکالا جا رہا ہے تاکہ اس علاقے میں یہودیوں کی باز آبادکاری لیے نئے مکانات تعمیر کیے جا سکیں۔ اس سلسلے میں اسرائیل کی سپریم کورٹ میں ایک کیس بھی چل رہا ہے اور یہ خاندان اسی فیصلے کے انتظار میں ہیں۔ اگر عدالت نے بھی اسرائیلی حکومت کے موقف کو تسلیم کر لیا تو پھر ان کے پاس کوئی چارہ نہیں ہو گا۔اس انخلا کے خلاف شیخ جراح کے جڑواں بھائی بہن مونا اور محمد الکرد سوشل میڈیا پر مہم چلاتے رہے ہیں جن کے والد نبی الکرد کا کہنا تھا کہ پولیس، ”بڑی تعداد میں بڑے ظالمانہ انداز میں گھر میں داخل ہوئی۔ گرفتاری کی یہی وجہ ہے کہ ہم کہتے ہیں کہ ہم اپنے گھروں کو نہیں چھوڑیں گے اور وہ نہیں چاہتے ہیں کہ اس بارے میں کوئی اپنی رائے کا اظہار کر سکے۔ وہ نہیں چاہتے کہ اس بارے میں کوئی بھی سچ بات کہے۔ وہ ہمیں خاموش کرانا چاہتے ہیں۔”اسرائیل پولیس نے بغیر نام لیے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ 23 سالہ ایک شخص کو فسادات میں شرکت کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
الکرد جڑواں بھائی بہن کا مکان بھی اسی فہرست میں شامل ہے جنہیں جبری خالی کرانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ دونوں اس کے خلاف ہونے والے مظاہروں اور سوشل میڈیا مہم کی قیادت کرتے رہے ہیں۔ مونا کو اس وقت کافی شہرت ملی تھی جب ان کا ایک ویڈیو وائرل ہو گیا، جس میں نوآباد یہودیوں کو چیلنج کر رہی ہیں۔ شیخ جراح سے اسی جبری انخلا کی وجہ سے ہی اس قدیم شہر میں گزشتہ کئی ہفتوں سے بے چینی اور افراتفری کا ماحول ہے جو مسلمانوں، مسیحیوں اور یہودیوں سبھی کے لیے مقدس مقام ہے۔ گزشتہ ماہ اسی تنازعے کی وجہ سے حماس اور اسرائیل کے درمیان لڑائی چھڑ گئی تھی۔ اسرائیل کی گیارہ دن کی بمباری میں درجنوں بچوں اور خواتین سمیت تقریباً ڈھائی سو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔