منامہ: خلیجی خطہ میں بڑھتی کشیدگی کے سائے میں اسرئیلی وزیر دفاع کے دورہ کے دوران اسرائیل اور بحرین کے درمیان ایک سیکورٹی معاہدے پر دستخط ہو گئے۔ اسرائیل اور کسی خلیجی ملک کے درمیان اس قسم کا یہ پہلا معاہدہ ہے۔ امریکہ کے پرچم تلے ابراہام معاہدوں کے تحت 2020میں متحدہ عرب ممالک کے ساتھ بحرین نے اسرائیل کے ساتھ اپنے تعلقات بحال کر لیے تھے۔
دستخط کے بعد اسرائیلی وزارت دفاع نے وزیر دفاع بینی گینز کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ باہمی مفاہمتی یاد داشت کے تحت مستقبل میں انٹیلی جینس، فوجی، صنعتی شراکت داری اور مزید شعبوں میں تعاون کیا جائے گا۔اسرائیل کی طرف سے اس کے وزیر دفاع بینی گینز اور بحرین کی جانب سے اس کے وزیر دفاع عبداللہ بن حسان النعمی نے دستط کیے ۔ قبل ازیں بینی گینز نے امیر بحرین حماد بن عیسیٰ الخلیفہ سے شاہی محل میں تفصیلی ملاقات کی اور متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔
یہاں یہ بات قابل ذکرہے کہ اسرائیل امریکی قیادت میں 60 ممالک کی مشرقی وسطیٰ کی بحری مشقوں میں ،جو اسی ہفتہ ہونے والی ہیں، شامل ہوگا ۔ یہ فوجی مشقیں متحدہ عرب امارات اور بحرین کے علاقے میں ہوں گی۔ جس میں پہلی مرتبہ سعودی عرب اور عمان بھی ، جن کے اسرائیل کے ساتھ براہ راست سفارتی تعلقات نہیں ہیں، حصہ لیں گے۔
