دمشق:(اے یو ایس)اسرائیل نے ایک بار پھر شام کے دارالحکومت دمشق کے اطراف علاقوں میں واقع لبنان کی حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو اور فوجی چوکیوں کونشانہ بنا کر فضائی حملہ کیا ۔شام کے عسکری ذرائع نے آج پیر کے روز بتایا ہے کہ شمال مشرقی لبنان کی سمت سے آنے والے اسرائیلی میزائلوں نے دمشق کے اطراف بعض مقامات کو نشانہ بنایا۔
مزید یہ کہ شامی فضائی دفاعی نظام نے ان میزائلوں کا راستہ روکا۔ اس کے نتیجے میں تھوڑا مادی نقصان پہنچا۔یہ حملہ رواں ماہ کے اوائل میں شام میں انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کی ان رپورٹوں کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ لبنانی حزب اللہ نے دمشق کے جنوب میں واقع قصبے خربہ الورد میں ایک پرانے فوجی اڈے کی کھدائی اور توسیع کا کام شروع کر دیا۔
یہ اڈہ ماضی میں شامی حکومتی فورسز کی جانب سے جاسوس طیاروں کے استعمال کی تربیت اور فضائی انٹیلی جنس کے عناصر کی تربیت کے واسطے استعمال کیا جاتا تھا۔ حزب اللہ ملیشیا کے عناصر 2015ءسے اس جگہ موجود ہیں۔
