یروشلم : اسرائیل اور لبنان کی سرحد پر سرگرم ایران حمایت یافتہ گروہ حزب اللہ سے کئی ہفتوں سے جاری جھڑپوں کے بعداسرائیل نے منگل کے روز دھمکی دی کہ وہ حزب اللہ کے خلاف کسی بھی جنگ میں لبنان کو پتھر کے دور میں لوٹا دے گا۔اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ غلطی مت کرو۔ ہم جنگ نہیں چاہتے۔ لیکن ہم اپنے شہریوں، اپنے فوجیوں اور اپنی خودمختاری و اقتدار اعلیٰ کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔
یوو گیلنٹ کے دستخط سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ان کے ریمارکس کا اشارہ حزب اللہ کی جانب تھا۔ 2006 میں اسرائیل ۔حزب اللہ کے درمیان آخری جنگ کے بعد سے دونوں طرف سے اس قسم کے ہیجان انگیز بارہا سنے گئے۔ لیکن مارچ میں اسرائیل میں سڑک کے کنارے ہونے والے ایک بم دھماکے کے بعد سے ،جس کا الزام اس نے حزب اللہ کے ایک درانداز پر لگایا تھا، یہ بات زیادہ واضح ہو گئی ہے۔
یاد رہے کہ پتھر کا دور وہ طویل زمانہ قبل از تاریخ ہے جب انسان اوزار بنانے کے لیے بنیادی طور پر پتھروں کا استعمال کیا کرتا تھا۔ یہ دھاتوں کی دریافت سے قبل کا زمانہ تھا۔ اس زمانے میں پتھروں کے ساتھ ساتھ لکڑی، ہڈیاں، جانوروں کے خول، سینگ اور کچھ دوسری چیزیں بھی عمومی طور پر اوزار اور برتن بنانے کے لیے استعمال ہوتی تھیں۔