دمشق:(اے یو ایس )اسرائیل نے منگل کو علی الصباح شام کے مغرب میں لاذقیہ کی بندرگاہ کو بم باری کا نشانہ بنایا۔ شامی سرکاری میڈیا کے مطابق بم باری سے بندرگاہ میں کنٹینروں کے حصے میں آگ بھڑک اٹھی۔ یہ ایک ماہ کے دوران میں اہم تنصیبات پر حملے کی دوسری کارروائی ہے۔
شامی سرکاری خبر رساں ایجنسی سانا نے عسکری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پیر اور منگل کی درمیانی شب 3:21 پر اسرائیل نے بحیرہ روم کی سمت سے لاذقیہ شہر کے مغربی حصے پر میزائل داغے۔ حملے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر مادی نقصان ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔ بعد ازاں آگ پر قابو پا لیا گیا۔یاد رہے کہ گذشتہ برسوں کے دوران میں اسرائیل نے شام میں سیکڑوں فضائی حملے کیے۔
ان حملوں میں شامی فوج کے ٹھکانوں بالخصوص ایرانی فورسز اور لبنانی حزب اللہ ملیشیا کے مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔اسرائیل کی جانب سے شاذ و نادر ہی شام میں حملوں کی تصدیق کی جاتی ہے۔ تاہم وہ بارہا یہ موقف دہرا چکا ہے کہ شام میں ایران کے وجود کو مضبوط بنانے کی تہران کی کوششوں کو روکنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔